گراں فروشی کے نام پر سرکاری افسران کی ’’عیدی مہم‘‘ شروع

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 اپريل 2019

کراچی:  ضلع شرقی سمیت دیگر اضلاع میں گراں فروشی اور تجاوزات کے نام پر سرکاری اداروں اور فسران کی عیدی مہم کا آغاز ہوگیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ احمد علی سومرو نے گلشن اقبال کے مختلف بلاکس میں پولیس کے ذریعے کئی مرغی فروشوں کو گھسیٹتے ہوئے کالر سے پکڑ کر موبائل میں ڈالنا شروع کر دیا، حیران کن طور پر احمد سومرو کے ہمراہ پرائیویٹ عملہ موجود تھا جو دکانداروں کو حراست میں لے رہا تھا اور ان پر کھلے عام تشدد کی دھمکیاں دے رہا تھا،گلشن اقبال بلاک 13 ڈی 2 میں دو درجن سے زائد مرغی فروشوںکو حراست میں لیا گیا،تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں عزیز بھٹی تھانے کی موبائل سے کارروائی کرائی گئی۔

حراست میں لیے جانے پر جب احمد سومرو سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ آفس آ جائیں وہاں بات کریں گے ان سے معلوم کیا گیا کہ آپ نے پرائس لسٹ تک نہیں دیکھی بس دکانداروں کو حراست میں لیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے پرائس لسٹ چیک کی ہے جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ فی دکاندار سے 30 ہزار روپے لے کر چھوڑا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اگر ہم سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کریں تو ہم پر جرمانہ بھی کیا جائے گرفتار بھی کیا جائے لیکن جس طرح ہماری سرعام عزت نفس مجروح کی جارہی پولیس موبائل میں مجرموں کی طرح ڈالا جارہا ہے یہ نا انصافی ہے۔

وزیر اعلیٰ اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس لاقانونیت کی شفاف انکوائری کی جائے،تمام صورتحال پر ڈپٹی کمشنر احمد صدیقی اور کمشنر کراچی افتخار شلوانی سے بات کی تو انھوں نے فون ریسیو نہیں کیے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسٹ سمیت دیگر اضلاع میں گراں فروشی اور تجاوزات کے نام پر عیدی مہم کا آغاز ہو گیا ہے شہر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی مبینہ رشوت وصولی کی شکایت موصول ہورہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔