گورنر ہاؤس پنجاب میں عشائیہ میں ق لیگ نہ آئی، جہانگیر ترین بھی غائب

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 26 اپريل 2019
عمران کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا،علوی ، ترین کے رابطوں میں تیزی، 11 ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں۔ فوٹو: فائل

عمران کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا،علوی ، ترین کے رابطوں میں تیزی، 11 ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور /  اسلام آباد: گورنر ہاؤس پنجاب میں عشائیہ کی تقریب میں ق لیگ نہ آئی جب کہ جہانگیر ترین بھی غائب رہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے تحریک انصاف کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں صدر مملکت عارف علویوزیراعظم کے مشیر نعیم الحق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، صوبائی وزرا ء میاں محمودالرشید، صمصام بخاری و دیگر نے بھی شرکت کی۔

عشائیہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سمیت مسلم لیگ (ق) کا کوئی رکن اسمبلی یا رہنما شریک نہ ہوا جبکہ تحریک انصاف کے اہم ترین رہنما جہانگیر ترین بھی غائب رہے، عشائیہ میں 185 میں سے125ارکان نے عشائیہ میں شرکت کی۔

وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو مدعو کی گیا تھا مگر وہ مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکے جبکہ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کے عشائیہ میں جہانگیر ترین کو مدعو ہی نہیں کیا گیا جبکہ اختلافات یا مصروفیت کی وجہ سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی بھی عشائیہ میں شریک نہ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کوگورنر پنجاب نے فون کرکے پارٹی وزرا اور ارکان سمیت شریک ہونے کی دعوت دی تھی لیکن دعوت کے باوجود ق لیگ کی قیادت شریک نہیں ہو ئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی کی کم تعداد ہی عشائیہ میں نظر آئی، 185حکومتی ارکان اسمبلی میں سے 125کے قریب ایم پی اے عشائیہ میں شریک ہوئے۔

قبل ازیں صدر عارف علوی، گورنر چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، نعیم الحق اور صوبائی وزیر محمود الرشید کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات کے بعد نعیم الحق نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں جہانگیر ترین کو پارٹی کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مدعو کیا گیا تھا اور ان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تاہم مصروفیت کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی،انھوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں اخترمینگل کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے واپسی پر اس حوالے بات ہو گی،دریں اثنا پی ٹی آئی رہنمانے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سمیت 11 ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔