پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی کرکٹ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ

ذوالفقار بیگ  جمعـء 26 اپريل 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ کوچز ارکان کو تربیت فراہم کریں گے، اسپیکر قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ کوچز ارکان کو تربیت فراہم کریں گے، اسپیکر قومی اسمبلی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وزیر اعظم عمران خان کے کرکٹ کے جنون کو پروان چڑھانے کیلیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلی کی ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پارلیمنٹ ہائوس اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے باہمی اشتراک سے ٹیموں کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے ہیرو عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہاکی کے بجائے کرکٹ کو قومی کھیل کا درجہ حاصل ہوگیا ہے، ہر جگہ ہر کوئی کرکٹ کے کھیل کی باتیں کرتے ہیں، اسیپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ دولت مشترکہ کا رکن ہونے کے ناطے انگلینڈ کے ہائوس آف کامنز نے ہمیں اگاہ کیا ہے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پارلیمانی کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا لہذا پاکستان کی پارلیمان کو بھی ارکان اسمبلی پر مشتمل ٹیم تشکیل دینی چاہیے۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے ارکان اسمبلی پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائیگی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ کوچز ارکان کو تربیت فراہم کریں گے بطور اسپیکر چاروں صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کو تحریری طور پر اگاہ کیا جائے گا کہ اسمبلی کے ارکان کے ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ان ٹیموں کے مابین میچز کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاسکے۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ مکمل میچز کا شیڈول بھی تیار کرے گا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ کرکٹ میرا جنون ہے اور مجھے وقت ملے تو کرکٹ شوق سے دیکھتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔