کراچی: 2 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق انگوٹھوں کے نشانات سے ہوگی

سید اشرف علی  بدھ 21 اگست 2013
الیکشن ٹریبونل کاعملہ این اے 256اور258 کے ووٹوں کا ریکارڈ لیکر آج اسلام آباد جائیگا۔ فوٹو: فائل

الیکشن ٹریبونل کاعملہ این اے 256اور258 کے ووٹوں کا ریکارڈ لیکر آج اسلام آباد جائیگا۔ فوٹو: فائل

کراچی: الیکشن ٹریبونل کا عملہ کراچی میں قومی اسمبلی کی 2نشستوں این اے 256اور این اے 258میں ڈالے گئے ووٹوں کے انگوٹھوں کے نشانات نادراسے تصدیق کرانے کیلیے آج (بدھ کو)اسلام آباد روانہ ہوگا۔

الیکشن ٹریبونل سندھ جسٹس (ر) ڈاکٹرظفر احمد خان شیروانی کی ہدایت پر کراچی کی قومی اسمبلی کی 2 نشستوں  این اے 256، این اے 258 میں کاسٹ ہونیوالے ووٹوں  کے انگوٹھوں کے نشانات نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی اسلام آباد میں تصدیق کیلیے بھجوائے جارہے ہیں، درخواست گزاروںکی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں شکایات درج کرائی گئی تھیں کہ عام انتخابات کے موقع پران دونوں حلقوں میں بڑے پیمانے پر بوگس ووٹنگ ہوئی،الیکشن ٹریبونل کے مطابق این اے 256کے مجموعی227پولنگ اسٹیشنوں میں سے 67پولنگ اسٹیشنوں کاانتخابی ریکارڈ نادراسے تصدیق کرایاجائیگا.

اس نشست پر ایم کیوایم کے اقبال محمد علی خان عام انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبرپرآنے والے تحریک انصاف کے زبیرخان کی درخواست پر بوگس ووٹنگ کی تحقیقات کی جارہی ہے، تحریک انصاف کے امیدوار زبیر خان کی جانب سے بوگس ووٹنگ کی تصدیق پر آنے والے اخراجات کی مد میں7لاکھ روپے ادا کیے جاچکے ہیں، این اے 258پر مسلم لیگ(ن)کے عبدالحکیم بلوچ کامیاب ہوئے ہیں،پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالرزاق راجہ کی جانب سے اس حلقے میں بوگس ووٹنگ کی شکایات پر48پولنگ اسٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی جارہی ہے، اس ضمن میں عبدالرزاق راجہ نے تصدیق کے عمل کیلیے 3لاکھ 35ہزار 840روپے ادا کردیے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ الیکشن ٹریبونل کا عملے نے مذکورہ حلقوں کا ریکارڈ پی آئی اے کارگو پرمنگل کی رات جمع کرایاجبکہ عملہ بدھ کی صبح اسلام آباد روانہ ہوگا،الیکشن ٹریبونل کا عملہ انتخابی ریکارڈ لیکر بدھ کو نادرا اسلام آباد ہیڈکوارٹر پہنچے گاتاکہ انگوٹھوں کے نشانات کی جدیدطریقے سے تصدیق کی جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔