معروف گلوکار دلیر مہدی بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی میں شامل

ویب ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2019
بی جے پی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو پارٹی میں شمولیت پر راضی کرنے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔ فوٹو : فائل

بی جے پی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو پارٹی میں شمولیت پر راضی کرنے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: نامور بھارتی گلوگار دلیر مہدی نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنس راج اور سنی دیول کے بعد معروف گلوکار دلیر مہدی بھی وزیراعظم نریندرا مودی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکمراں جماعت بی جے پی کا حصہ بن گئے۔ گلوکار ہنس راج اور دلیر مہدی آپس میں سمدھی بھی ہیں اور ہنس راج نے ہی دلیر مہدی کو بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے قائل کیا۔

دلیر مہدی نے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان گلوکار ہنس راج اور وفاقی وزیر وجے گوئیل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ ناقص کارکردگی کے باعث انتخابی شکست کے خدشے کے پیش نظر بی جے پی اداکاروں، فنکاروں اور کھلاڑیوں کو اپنی جماعت میں شامل ہونے پر راضی کرنے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہی ہے تاکہ کارکردگی کے بجائے بڑے ناموں کے ساتھ انتخابی دنگل میں کامیابی حاصل کرنے کا خواب پورا ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔