حکومت ناکام ہوچکی ہے اوران کی گاڑی چلتی نظر نہیں آرہی، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2019
عمران خان کیا کرنا چاہ رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، مراد علی شاہ فوٹو : فائل

عمران خان کیا کرنا چاہ رہے ہیں مجھے نہیں معلوم، مراد علی شاہ فوٹو : فائل

سیہون: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے اور اب ان کی کی گاڑی چلتی نظر نہیں آرہی۔

سیہون میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ڈویلپمنٹ پر 204 ارب روپے خرچ کئے تاہم اس سال 100 ارب روپے بھی خرچ ہوتے نظر نہیں آرہے، وفاقی حکومت لوگوں کا خیال کرے، وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈ فراہم نہ کیے جانے کے باعث سندھ میں کوئی نئی اسکیم نہیں بنا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا وفاقی حکومت اپنا قبلہ درست کرے عوام سے دشمنی نہ لے جب کہ دعاہے اس سال انسان دشمن بجٹ نہ ہو، انہوں نے اقتدار میں آکر چوری بڑھا دی ہے، حکومتی گاڑی چلتی نظر نہیں آرہی، دھکا اسٹارٹ ہے دیکھیں رکتی کب ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے، میں کچھ کہوں گا تو کہیں گے کہ این آر او مانگ رہے ہیں، انہوں نے جو کرناہے کریں، عمران خان کیا کرنا چاہ رہے ہیں مجھے نہیں معلوم۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کہتے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم ختم اور صدارتی نظام لانے میں کوئی صداقت نہیں لیکن پی ٹی آئی کے رہنما کچھ اور بات کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔