ممبئی حملہ کیس،کمیشن بھارت بھیجنے کامعاملہ لٹک گیا

قیصر شیرازی  بدھ 21 اگست 2013
اجمل قصاب کوتو پھانسی ہوچکی، اب کمیشن کے بھارت جانے کا کوئی فائدہ نہیں،  درخواست . فوٹو: فائل

اجمل قصاب کوتو پھانسی ہوچکی، اب کمیشن کے بھارت جانے کا کوئی فائدہ نہیں، درخواست . فوٹو: فائل

راولپنڈی:  ممبئی حملہ سازش کیس میں9 رکنی پاکستانی عدالتی کمیشن کے بھارت روانگی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا ہے، بھارت نے جوشیڈول دیا تھا اس کے مطابق کمیشن روانہ نہیں ہوسکا ۔

جبکہ اس کمیشن کے سربراہ ممبئی کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ اے آر خان بھی ریٹائر ہوگئے ہیں۔ اب جب تک چیف جسٹس ممبئی ہائیکورٹ عدالتی کمیشن کا نیاسربراہ مقررکرکے نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتے اس وقت تک کمیشن بھارت نہیں جا سکے گا ۔ گزشتہ روز اس مقدمے میںگرفتارکالعدم لشکرطیبہ کے سربراہ ذکی الرحمٰن لکھوی کے وکیل ریاض چیمہ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمٰن کے روبرو عدالتی کمیشن کے بھارت جانے کو پاکستان اور بھارت کے مابین نئی سرحدی صورتحال کے باعث سیکیورٹی رسک قراردیا اور استدعاکی کہ عدالتی کمیشن کی روانگی سے قبل کمیشن کے تمام ارکان کی بھارتی حکومت سے فول پروف سیکیورٹی کی گارنٹی دلوائی جائے۔

عدالتی کمیشن کے سربراہ کا دوبارہ تقرر، چاروںبھارتی گواہان پر جرح کے لیے ہمیںمترجم فراہم کیا جائے۔ درخواست میں کہاگیا ہے کہ عدالت، عدالتی کمیشن کے ارکان کے سوا کسی اور بھارتی افسر یا عدالتی اہلکارکی عدم مداخلت کی گارنٹی دلائی جائے، اجمل قصاب کوتو پھانسی ہوچکی، اب کمیشن کے بھارت جانے کا کوئی فائدہ نہیں مگر وہ بھارتی سرکارکو مزیدکوئی بہانہ نہ دینے کے لیے بھارت جانے کے لیے تیار ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔