کرکٹ کے وائرس نے ہاکی کا بیڑہ غرق کردیا، سابق اولمپئنز

ایکسپریس نیوز  اتوار 28 اپريل 2019
حکام کو کھیل کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے، حسن سردار۔ فوٹو: فائل

حکام کو کھیل کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے، حسن سردار۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق اولمپئنز کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے وائرس نے قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیا جب کہ حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

لاہورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اولمپئن اورکوچ توقیرڈار نے کہاکہ کرکٹ کے وائرس نے قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیا ہے، حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی،اگر فیڈریشن کے حکام پسند نہیں توانھیں تبدیل کردیں، بصورت دیگر فنڈز دیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں، فرانزک آڈٹ رپورٹ بھی سامنے آجائے گی،اس میں بھی اگرکچھ نہیں نکلتا تو پھرحکومت کوچاہیے کہ وہ فنڈز بحال کرے، ہاکی  دنیا بھرمیں پاکستان کی پہچان ہے، اس میں تین اولمپکس گولڈ کے ساتھ 4 ورلڈکپ ہم جیت چکے ہیں، یہ کرکٹ کی طرح 10،12ملکوں میں کھیلاجانے والا کھیل نہیں بلکہ اولمپکس اسپورٹس 136سے زیادہ ممالک میں مقبول ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اگر بہتری نہ لائی گئی تو ہم اس کھیل میں اتنا نیچے چلے جائیں گے کہ دوبارہ کبھی  قدموں پر کھڑے نہیں ہوپائیں گے،اب چند لوگ ہی رہ گئے جو ہاکی کو بچانے کیلیے جدوجہدکررہے ہیں،اس جانب توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

سابق اسٹار حسن سردار نے کہا کہ ہاکی دنیا بھرمیں پاکستان کی پہچان ہے، حکومت کواس کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے، حساب اوراحتساب ہرجگہ اور سب کا کریں، سب جوابدہ ہیں،ہاکی فیڈریشن میں  کام کرنے والے تمام عہدیداروں کا احتساب ہونا چاہیے لیکن اس کے ساتھ کھیل کے فروغ کا بھی سوچیں،فیڈریشن کے ساتھ تمام اولمپئنزکوبھی اس بارے میں کردار اداکرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ لاہور میں ڈار اور رانا ظہیر اکیڈمی کی طرح ہرشہرمیں اکیڈمیز پر توجہ دینی چاہیے، اس کے ساتھ سب سے ضروری تعلیمی اداروں میں ہاکی بحال کرنے کا کام ہے، ہم سب اسکول ہاکی سے قومی ٹیم تک پہنچے جو اب ختم ہوکر رہ گئی ہے، جب تک نظام کوٹھیک نہیں کریں گے، معاملات میں بہتری لانا مشکل ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔