نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ویب ڈیسک  منگل 30 اپريل 2019
نواز شریف کی عبوری ضمانت 7 مئی کو ختم ہورہی ہے فوٹو: فائل

نواز شریف کی عبوری ضمانت 7 مئی کو ختم ہورہی ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے وکیل کے توسط سے سپریم کورٹ میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی عبوری ضمانت 7 مئی کو ختم ہورہی ہے، عدالتی حکم کے مطابق 6 ہفتوں کے بعد ضمانت خود بخود ختم ہوجائے گی، نواز شریف نے 26 مارچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کررکھی ہے، جس پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے، عبوری ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، امید ہے کہ سپریم کورٹ سے نظرثانی کی درخواست منظور ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی تھی۔ نواز شریف نے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے تیسرے درجے کی بیماری میں مبتلا ہیں، لہذا نواز شریف کو علاج کے لیے صرف پاکستان کے اندر پابند کرنے کے 26 مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔