بانڈڈ ویئرہاؤس سے 13کروڑ مالیت کے ٹائلزکی چوری کا انکشاف

احتشام مفتی  اتوار 5 مئ 2019
قومی خزانے کو14کروڑ کا نقصان پہنچانے پر میسرزمحمدٹریڈنگ و دیگر کیخلاف مقدمہ درج۔ فوٹو: فائل

قومی خزانے کو14کروڑ کا نقصان پہنچانے پر میسرزمحمدٹریڈنگ و دیگر کیخلاف مقدمہ درج۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کسٹمزنے بانڈڈ ویئرہاؤس میں رکھے ہوئے 13کروڑروپے سے زائد مالیت کے ٹائلزکی چوری کی نشاندہی پر 4مختلف درآمدکنندگان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

ذرائع نے ایکسپریس کوبتایا کہ پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اپریزمنٹ ویسٹ ،ایسٹ اورپورٹ قاسم سے کلیئر ہونے والے ٹائلزکی کنسائنمنٹ کی ایک بڑی مقدار اقرا انٹرپرائززسے چوری کرلی گئی ہے جس پر اپریزنگ آفیسر عبدالغنی سومرواورحبیب اﷲ مشتمل ٹیم کو بانڈڈ ویئرہاؤس اقرا انٹرپرائززکے آڈٹ کے لیے تعینات کیاگیا۔

مذکورہ آڈٹ ٹیم کی جانب سے تفصیلی آڈٹ کے بعد رپورٹ مرتب کی جس میں اس امرکی نشاندہی کی گئی ہے کہ میسرز محمد ٹریڈنگ کمپنی، میسرزخالد سینیٹری سپلائر، میسرز فیرنڈزانٹرپرئززکی جانب سے 2015تا2018کے دوران مجموعی طورپر 622800.299 اسکوائر میٹر ٹائلز درآمد کرکے میسرزاقرا انٹرپرائززمیں رکھی گئیں جبکہ 227696.90 اسکوائرمیٹرٹائلزڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی پر کلیئر کی گئیں.

آڈٹ رپورٹ کے مطابق بانڈڈ ویئرہاؤس میں 395103.783 اسکوائر میٹرٹائلز کا اسٹاک ہونا چاہیے لیکن بانڈڈویئرہاؤس میں صرف 127581.783 اسکوائرمیٹرٹائلزکا اسٹاک پڑا ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ میسرزمحمدٹریڈنگ کمپنی، میسرز خالد سینیٹری سپلائر،میسرز فرینڈزانٹرپرائززنے بانڈڈ ویئرہاؤس میسرز اقرا انٹرپرائززکی ملی بھگت سے 13 کروڑ 30لاکھ 90 ہزار مالیت کے 250096.309 اسکوائرمیٹر ٹائلزچوری کرکے قومی خزانے کومجموعی طور پر 14 کروڑ 20لاکھ 80ہزار مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسز کا نقصان پہنچایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔