نمائش چورنگی ؛ یوم علیؓ کے جلوس کے روٹ میں تبدیلی پرغور

سید اشرف علی  پير 6 مئ 2019
 انڈر پاس کا کام دسمبر تک اور آئندہ 12روز میں چھت کاکام مکمل ہوگا،زبیرچنا

انڈر پاس کا کام دسمبر تک اور آئندہ 12روز میں چھت کاکام مکمل ہوگا،زبیرچنا

کراچی: نمائش چورنگی پر انڈر پاس پر چھت ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور 15 رمضان تک بریٹو روڈ تا شاہراہ قائدین تک راستہ پیدل چلنے والوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

اگست کے آخر تک انڈر پاس کے دیگر حصوں پر چھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ایم اے جناح اور اطراف کی تمام لنک سڑکوں پر آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا تاہم چھت کے نیچے تعمیراتی کام چلتا رہے، انڈر پاس کا پورا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے گا،نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے 21 رمضان کو یوم حضرت علی کے مرکزی جلوس کے روٹ میں جزوی طور پر تبدیلی زیر غور ہے۔

متبادل روٹ کے تحت مرکزی جلوس نشتر پارک سے گرومندر ، پیپلزچورنگی ، صدر ، پریڈی اسٹریٹ ، ریگل چوک، تبت سینٹر اور پھر ایم اے جناح روڈ کے راستے کھارادر جائے گا، کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف فنانس آفیسر زبیر چنا نے ایکسپریس کو بتایا کہ نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس کا چھت کاکام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ 12روز میں بریٹو روڈ تا شاہراہ قائدین تک انڈر پاس پر چھت ڈالنے کا کام کرلیا جائے گا۔

مزار قائد کے قریب سڑک کے کنارون پر بھرائی کا کام بھی جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ یوم علیؓ کے جلوسوں کی گزرگاہ کے لیے راستہ قابل استعمال بنادیا جائے انھوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ میں مجوزہ تبدیلی کے تحت مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایم اے جناح روڈ سیدھے ہاتھ مڑنے کے بجائے گرومندر، پیپلزچورنگی ، صدر، پریڈی اسٹریٹ ، ریگل چوک اور پھر ایم اے جناح روڈ پر آئے گا، انھوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں کے آئی ڈی سی ایل نے نمائش چورنگی پر جاری ترقیاتی کاموں کی بریفنگ دی اجلاس کو بتایا گیا کہ نمائش چورنگی پر چھت ڈالنے کا بیشتر کام کرلیا گیا ہے اور جلد ہی یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔

زیر تعمیرانڈر پاس کے ریمپس پر ترقیاتی کام جاری رہے گا،انجینئرز
کے آئی ڈی سی ایل کے انجینئرز کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر انڈر پاس کے دونوں اطراف کے ریمپس پر ترقیاتی کام جاری رہے گا، اگست کے آخر تک انڈر پاس کے دیگر حصوں پر چھت ڈالنے کا کام مکمل کرکے اسے ایم اے جناح اور اطراف کی تمام لنک سڑکوں پر آنے و جانے والی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائیگا تاہم چھت کی نیچے تعمیراتی کام چلتا رہے، پورا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے گا۔

1.2کلومیٹر طویل نمائش چورنگی انڈر پاس پر 3ارب روپے لاگت آئے گی
نمائش چورنگی پر زیر تعمیر انڈر پاس 1.2کلومیٹر طویل ہے اور اس پر 3ارب روپے لاگت آئے گی، منصوبہ بندی کے تحت یہاں انڈر پاس اور میزانائن تعمیر کیا جائے گا اور پھرچھت تعمیر ہوگی جس کے اوپر عام ٹریفک چلے گی، میزانائن میں سندھ حکومت اپنے دفاتر قائم کرے گی، بی آرٹی ایس کی مانیٹرنگ کا نظام بھی یہاں قائم ہوگا اور دیگر سہولیات مسافروں کو دی جائیں گی۔

مرکزی جلوس کا روٹ پلان مشاورت سے طے کررہے ہیں،کمشنر
کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوم علی کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے اعلی افسران سے اجلاس میں نمائش چورنگی پر ترقیاتی کاموں اور جلوس کی گزرگاہ کے حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے روٹ پلان بھی سب کی مشاورت سے طے کیا جارہا ہے، نمائش چورنگی پر ترقیاتی کاموں کی وجہ سے مرکزی جلوس کے روٹ میں جزوی تبدیلی زیر غور ہے، کمشنر کراچی نے کہا کہ روٹ کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر کراچی علی احمد صدیقی سے معلوم کی جاسکتی ہے، نمائندہ ایکسپریس نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ سے فون پر رابطے کی کوشش کی تاہم انھوں نے فون سننے سے گریز کیا۔

80فیصد کام مکمل ہوجائے توجلوس پرانے راستے سے گزارلیں گے،شبر رضا
یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے منتظم سید شبر رضا نے کہا کہ کمشنر کراچی کے اجلاس میں منتظمین نے کہا کہ مرکزی جلوس 1961 سے نشتر پارک سے نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ ، سی بریز اسپتال ، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، ریگل، تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر تک جارہا ہے لہذا اس بار بھی منتظمین کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتظامیہ کوشش کرے کہ روٹ تبدیل نہ ہو اور گرین لائن بس انتظامیہ کے جی اے گرائونڈ کے سامنے حصے پر ترقیاتی کام مکمل کرلے، اگر 80 فیصد کام بھی مکمل ہوجائے تو ہم اپنا جلوس اسی پرانے راستے سے گزارلیں گے۔

تاہم اگر یہاں ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکا تو مرکزی جلوس مجوزہ تبدیل شدہ روٹ سے گزارا جائے گا، شبر رضا نے کہا کہ اجلاس میں موجود افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس بات کی پوری کوشش کریں گے کہ مرکزی جلوس اپنے پرانے راستے سے ہی گزرے، شبر رضا نے کہا کہ مجوزہ روٹ نشتر پارک سے کراچی ایکسرے لیبارٹری، گرومندر ، پیپلزچورنگی، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔