رمضان کریم مبارک ہو

شاہد کاظمی  منگل 7 مئ 2019
آپ سب کو رمضان کریم مبارک ہو۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

آپ سب کو رمضان کریم مبارک ہو۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

فون پر پیغامات مسلسل ملنا شروع ہوچکے ہیں۔ فیس بک اِن باکس میں بھی پیغامات کا سلسلہ طویل ہونے لگا ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مبارکبادی پیغامات اور ویڈیوز بھی گردش میں ہیں۔ ملنے جلنے والے بھی مبارکباد دینے میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ بطور خاص ایسے ایسے لوگ بھی حقوق العباد پر زور دینے لگے ہیں جو خود غاصب ہیں، کیوں کہ رمضان کریم کا بابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے۔ اس کے ابتدائی ایام میں مبارکباد کے پیغامات کی ایک بھرمار ہے جو بعض حوالوں سے ایک اچھا عمل ہے تو دوسری جانب محض ایک دکھاوے سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

غصے کی طنابیں کھینچنے سے قبل ایک لمحہ اپنے گریبان میں جھانکیے اور اس کے بعد دوسروں پر نگاہ ڈالیے۔

رمضان سے چند دن قبل بازاروں سے معیار کے حوالے سے اول درجہ بندی کی اشیا نظر آنا کم ہوجائیں گی۔ وجہ یہ ہے کہ منافع خور صاحبان رمضان کا سیزن شروع ہونے پر خوب بڑھ چڑھ کر اس مہینے کی برکات سمیٹیں گے اور منافع کمائیں گے۔ ایک جائز منافع ہے، لیکن یہ صاحبان ناجائز منافع کمائیں گے اور پھر آپ کو موبائل فون، سوشل میڈیا اور بالمشافہ ملنے پر رمضان میں نیکیوں کا درس دیتے بھی نظر آئیں گے۔ آپ غلطی سے بھی ان سے سوال کیجیے کہ خود کیوں عمل نہیں کررہے تو وہ آپ کو کچا چبا جانے والی نظروں سے گھوریں گے۔

پبلک ٹرانسپورٹ مافیا رمضان کے آغاز سے ہی حرکت میں آچکا ہے۔ پانچ دس روپے بقایا واپس کرنے کا سوال ناپید ہوتا جارہا ہے۔ اور غلطی سے اگر آپ اصرار کریں گے تو غصے سے آپ کی ہتھیلی پر ایسے بقایا مارا جائے گا کہ ہتھیلی سے جیسے خاص دشمنی ہو ان کو، اور ساتھ جلے کٹے لہجے میں آپ کو سننے کو ملے گا کہ پٹرول اتنا مہنگا ہوگیا ہے، ہمارا بھی حق ہے عید پر اور آپ کو چند روپے بقایا واپس لینے کی پڑی ہے۔ ہاں گاڑی میں اونچی آواز میں واعظ و صوفیانہ کلام ضرور سنائی دے رہا ہو گا۔ سوال کیجیے کہ صاحب یہ کلام صرف ٹیپ ریکارڈر میں لگانے کےلیے ہے یا عمل کےلیے بھی؟ تو ہوسکتا ہے آپ کو آپ کا اسٹاپ آنے سے پہلے ہی گاڑی نکال دیا جائے۔

پکوڑے، سموسے تو یقینی طور پر رمضان کی خاص سوغات ہیں۔ دکانوں پر رمضان کریم کے حوالے سے پیغامات کے بینز آویزاں ہیں۔ اکثر بینزز پر احادیث و آیات بھی لکھی نظر آئیں گی اور اکثر اوقات کیش کاؤنٹر پر کوئی باریش صاحب ہی نظر آئیں گے۔ آپ سموسے، پکوڑے لے جائیے اور دوسرے دن ان کے باسی ہونے یا معیاری نہ ہونے کا گلہ کیجیے، جو حقیقت پر مبنی ہو، تو یہ اس لہجے میں آپ کی زباں بندی کریں گے کہ آپ اپنے آپ پر پشیماں ہوں گے کہ گلہ کیا ہی کیوں۔

پورے شہر میں پھیلے فروٹ کے ٹھیلوں، دکانوں، سبزی منڈی، فروٹ منڈی میں پھل و سبزیوں کے نرخ رمضان شروع ہونے سے ایک سے دو دن قبل کے نوٹ کرکے رکھ لیں۔ اب رمضان کا آغاز ہوچکا ہے تو ذرا انہی جگہوں کا رخ کیجیے تو آپ کو کم وبیش چالیس سے پچاس فیصد قیمتوں میں اضافہ نظر آئے گا اور یاد رہے کہ مال وہی پیش خدمت ہوگا جو ذخیرہ اندوزی کے ذریعے محفوظ رکھا گیا تھا۔

آپ اگر سوال کیجیے کہ جناب ایک دو دن قبل تو نرخ کم تھے تو اچانک رمضان کریم شروع ہوتے ہی اتنا فرق کیوں آ گیا؟ تو آپ کو جواب ملے گا کہ یہی تو ایک سیزن ہوتا ہے، کیا اب اس میں بھی نہ کمائیں۔ اور ہوسکتا ہے آپ اگر کچھ پھل و سبزیات خرید چکے ہوں تو وہ صاحب آپ سے واپس ہی لے لیں اور اگلی دکان پر جانے کا مشورہ دے دیں۔

کپڑے کے کاروبار سے منسلک حضرات اس مال کے بھی دگنے دام وصولنے کے ارادے سے ٹھیے سجا چکے ہیں جو چند دن قبل ہوسکتا ہے سیل میں بھی نہ بک رہے ہوں۔ کیوں کہ وہ جانتے ہیں صاحب حیثیت اور کم حیثیت دونوں طبقے بچوں کو عید پر نئے کپڑوں میں دیکھنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ تو یہ حضرات اپنے دام کھرے کرنے سے کیوں پیچھے رہیں۔

سرکاری دفاتر کے باہر رش بڑھنا شروع ہوجائے گا، کیوں کہ کمروں میں بیٹھے بابو حضرات یہ پرواہ کیے بغیر کہ باہر دھوپ میں عوام کیسے خوار ہورہے ہیں، ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے رمضان کے حوالے سے معاشرے کی بے حسی پر بحث کررہے ہوں گے۔

امید رکھیے کہ جو لوگ پورا سال ایک نظر بھی سامنے نہیں آتے، وہ اس مبارک مہینے کے ابتدائی عشرے میں آپ کو مساجد میں تسبیح ہاتھ میں تھامے نظر آئیں گے اور دوسرا عشرہ شروع ہونے تک ان کے وہی معمولات واپس آنا شروع ہوجائیں گے، جو پورا سال تھے۔ اور آپ اگر سوال کریں کہ پہلے عشرے میں تو باجماعت نمازیں ادا کیں، دوسرا عشرہ شروع ہی میں نظر آنا کم کیوں ہوگئے تو عجلت میں کہا جائے گا یار اور مصروفیات بھی تو ہیں اور تم کو اس سے کیا۔

شاہراہوں، چوراہوں، بازاروں میں آپ کو اکثر ایسے افراد گتھم گتھا نظر آئیں گے جو ایک دوسرے کے گریباں بھی چاک کر رہے ہوں گے اور ساتھ اونچی آواز میں راگ الاپ رہے ہوں گے کہ ابھی تو میرا روزہ ہے ورنہ میں تمہیں بتاتا۔ یعنی کہ جناب روزہ نہ ہو گیا احسان کردیا آپ نے۔

رمضان کریم کی برکتیں پیغامات تک محدود سمجھ لی گئی ہیں۔ ہم کسی کو رمضان کی مبارکباد کا ایک پیغام بھی بھیجتے ہیں تو توقع کیے بیٹھے رہتے ہیں کہ ہمارے نامہ اعمال میں ثواب لکھا جائے گا۔ جب کہ اپنے دستر خوان پر کھابوں کی بھرمار کرتے ہوئے ایک لمحہ ہم سوچتے نہیں کہ ہمارے پڑوسی نے، جو مزدور ہے، روزہ کیسے افطار کیا ہوگا۔ ہم رمضان کی ٹی وی نشریات کو بطور خاص سر جھومتے ہوئے دیکھیں اور سنیں گے، لیکن دروازے پر آئے فقیر کی صدا سنتے ہی کرختگی سے بس اتنا کہیں گے، بس رمضان شروع ہوتے ہی ان مسٹنڈوں کا کام شروع ہو گیا ہے۔ پورا دن لمبی تان کے سوئے رہیں گے کہ بھئی گرمیوں کے روزے ہیں، باہر کیسے نکلا جائے اور شام کو غلطی سے اماں ابا کچھ لینے بازار بھیج دیں تو کھدائی کرتے مزدور کے پاس سے بھی ایسے لاپروا ہوکر گزریں گے کہ جیسے آپ پہاڑ سر کرنے جارہے ہیں۔ کچھ بعید نہیں کہ اس کے پاس سے گزرتے ہوئے ناک پر رومال بھی رکھ لیں۔

رمضان کریم کی خوشی بھی ہے، آپ عید بھی منائیں گے، اپنے بچوں کو دس دس جوڑے بھی لے کر دیں گے، لیکن غلطی سے بھی گھر میں کام کرنے والی ماسی کے بچوں کو ایک جوڑا بھی نہیں دلوائیں گے کہ ان کو تو گھر کی مستورات نے پرانے کپڑے جو دے دیے ہیں۔ اور پرانے بھی ایسے جو گھر میں ٹاکی مارنے کے استعمال کے قابل بھی نہ ہوں۔

رمضان کو مبارکبادی پیغامات، آیات و احادیث فارورڈ کرنے تک محدود نہ کرلیجیے۔ اس بابرکت مہینے کو احساس کا مہینہ بنائیے۔ اس مہینے میں حقیقی برکتیں دوسروں کی مدد کرکے سمیٹیے۔ رمضان کریم میں اپنے غریب رشتہ داروں، غریب و نادار ہمسایوں کی مدد کرکے ثواب سمیٹیے۔ اپنے دسترخوان پر معمول کی دس ڈشز میں سے ایک کم کرکے نوکر کو دیجیے اور ایک ڈش کا خرچہ کسی ایسے کو دینے کا تہیہ کرلیجیے جو ایک وقت کا کھانا بھی مشکل سے کھا پاتا ہے۔ آپ کے بچے آپ کی ذمے داری ہیں، دس لباس لے دیجیے۔ لیکن کوئی عام سا مگر نیا لباس گھر میں کام کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھی دلوا دیجیے۔ ان کے چہرے کی خوشی آپ کی عید کی خوشیاں دوبالا کردے گی۔

رمضان کریم میں ظاہری حلیے کے بجائے اپنا اندر بدلیے۔ آپ کو اللہ نے اگر دینے کے قابل کیا ہے تو مخلوق خدا میں بانٹیے۔ حقداروں تک پہنچائیے۔ وہ اپنے خزانوں سے آپ کو مزید نوازے گا۔

آپ سب کو رمضان کریم مبارک ہو۔ حقیقی رمضان۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

شاہد کاظمی

شاہد کاظمی

بلاگر کی وابستگی روزنامہ نئی بات، اوصاف سے رہی ہے۔ آج کل روزنامہ ایشیئن نیوز اور روزنامہ طاقت کے علاوہ، جناح و آزادی کے لیے بھی کالم لکھتے ہیں۔ ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کر رکھا ہے۔ بلاگر سے ان کے فیس بک پیج www.facebook.com/100lafz پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔