بالی ووڈ کے سینئر اداکار اے کے ہینگل چل بسے

بی بی سی / اے ایف پی  پير 27 اگست 2012
سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انگریز راج کیخلاف جدوجہد پر 3سال قید بھی کاٹی،49ء میں ممبئی گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انگریز راج کیخلاف جدوجہد پر 3سال قید بھی کاٹی،49ء میں ممبئی گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: بالی وڈ کی مقبول ترین فلموں میں شامل نمک حرام ، شعلے ، شوقین، آئینہ اور باورچی میں کام کرنے والے اداکار اے کے ہینگل کا98 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال ہوگیا ہے ۔ اے کے ہینگل کچھ دن قبل اپنے غسلخانے میں گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد انھیں سولہ اگست کو ممبئی آشا پاریکھ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کاعلاج جاری تھا ۔ علاج کے دوران ان کی حالت بگڑنے پر انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا ۔ ان کا ایک پھیپھڑا بھی کام نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے انھیں سانس لینے میں دقت درپیش تھی۔

اے کے ہینگل نے اپنی طویل فلمی کریئر کے دوران دو سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے ۔ فلم شعلے کا ان کا مشہور ڈائیلاگ ’ اتنا سناٹا کیوں ہے بھائی ‘ بالی وڈ کے مقبول ترین ڈائیلاگز میں سے ایک مانا جاتا ہے ۔ بالی وڈ کی تاریخ میں ایک وقت ایسا تھا جب شاید ہی کوئی ایسی فلم ہوتی تھی جس میں اے کے ہینگل کا کوئی کردار نہ ہو ۔ ان کی مشہور فلموں میں شعلے ، نمک حرام ، شوقین ، آئینہ اور باورچی جیسی فلمیں شامل ہیں ۔

اے کے ہینگل نے ادکاری کا آغاز تھیٹر سے کیا تھا اور وہ اپٹا تھیٹر سے منسلک تھے جہاں ان کی ملاقات بلراج ساہنی اور کیفی اعظمی سے ہوئی۔ اے کے ہینگل نے عمر کے آخری مرحلے تک اداکاری نہیں چھوڑی، سات برس کے لمبے بریک کے بعد انھوں نے حال ہی میں کلرس چینل پر نشر ہونے والے سیریل ’مدھوبالا ‘ میں اداکاری کی تھی ۔ اے ایف پی کے مطابق ہینگل سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے اور انگریز راج سے آزادی کیلیے جدوجہد پر انھیں تین سال قید کی سزا بھی ہوئی ۔ تقسیم کے بعد 1949ء میں وہ ممبئی چلے گئے اور ایک تھیٹر جوائن کر لیا ۔ انھیں 2006ء میں پدما بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔