حکومت بے بس، پھل فروش من مانی پر اتر آئے

بزنس رپورٹر  بدھ 8 مئ 2019
خربوزہ120 ،گرما 150 ، سیب 150سے 200روپے کلو،کیلوں نے سینچری عبورکرلی۔ فوٹو: فائل

خربوزہ120 ،گرما 150 ، سیب 150سے 200روپے کلو،کیلوں نے سینچری عبورکرلی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ہرسال کی طرح امسال بھی رمضان کے آغاز پرروزے داروں کو گراں فروشی کے طوفان کا سامنا ہے۔

حسب روایت شہری انتظامیہ اورسندھ حکومت کی جانب سے مہنگائی کی روک تھام کیلیے بیانات توبہت دیے تاہم اس سلسلے میں کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں جس کاخمیازہ عوام کومہنگائی کے صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے، ناجائز منافع خوروں نے یکم رمضان سے ہی پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔

شہری سندھ حکومت کے اعلان کردہ سستے پھلوں کے اسٹال ڈھونڈتے رہے جو سرے سے لگائے ہی نہیں گئے، شہری انتظامیہ عام بازاروں میں تو درکنار سبزی منڈی کی سطح پر بھی سرکاری قیمت کا اطلاق نہ کرسکی،پھلوں کے سرکاری نرخ نامے غیرموثرہوگئے،پھل فروش من مانی قیمتوں پر پھل فروخت کررہے ہیں۔

کراچی میں گزشتہ ماہ 50 روپے کلو فروخت ہونے والے خربوزے کی قیمت 120 روپے کلو تک پہنچ گئی، گرما بھی150روپے کلو فروخت کیا گیا،کیلوں نے بھی سینچری عبورکرلی،درجہ اول کیلا 150 روپے درجن جبکہ درجہ دوم 120 روپے درجن فروخت کیا گیا، آڑو کی شروعات ہی 200 روپے کلو سے کی گئی درجہ اول آڑو 250 روپے کلو فروخت کیا گیا درجہ اول چیکو 150 روپے درجہ دوم 120 روپے کلو فروخت ہوا ،فالسہ 80 روپے پاؤ فروخت کیا گیا، 150 سے 200روپے کلو فروخت کیا گیا، درآمدی سیب 250 سے 300 روپے کلو جبکہ مقامی سیب 150 سے 200 روپے کلو فروخت کیاگیا ،پپیتہ کی بھی قسمت جاگ اٹھی 60 سے70روپے کلو بکنے والا پپیتا اب 100سے کم دستیاب نہیں،500 گرام ایرانی کھجور کا پیکٹ جو 120 سے 150روپے میں فروخت ہورہا تھا پہلے روزے پر200 روپے تک فروخت کیا گیا ،کھلی ہوئی پاکستانی کھجور 200 سے 250 روپے کلو جبکہ ایرانی کھجور 300 سے350 روپے کلو تک فروخت ہوئی، کراچی سبزی اینڈ فروٹ منڈی میں بھی پھلوں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

سبزی منڈی کے وائس چیئرمین آصف احمد کے مطابق رمضان میں پھلوں کی طلب 10 گنا بڑھ جاتی ہے اس لیے طلب و رسد کے مطابق قیمت کا تعین پھلوں کی نیلامی کے ذریعے کیا جارہا ہے جس کی نگرانی کمشنر کراچی،حکومت کا محکمہ بیورو آفس سپلائی اینڈ پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کرتی ہے،منڈی میں یکم رمضان کو کیلا درجہ اول 120 روپے درجن،فالسہ 300 روپے کلو،خربوزہ درجہ اول 120 روپے کلو مقامی کلو سیب 150 روپے کلو، ایرانی گولڈن سیب 250 روپے کلو،تربوز 50،چیکو 120 روپے پپیتہ 90 اور اڑو 200 روپے کلو قیمت پر فروخت کیے گئے۔

کمشنر کراچی کی جاری کردہ پرائس لسٹ میں کیلے درجہ اول کی قیمت 85 درجہ دوم کی قینت 67 روپے درجن مقرر کی گئی، درجہ اول پپیتہ 75 اور درجہ دوم کی قیمت 63 روپے مقرر کی گئی،سرکاری نرخ نامہ کے مطابق سیب درجہ اول 137 جبکہ درجہ دوم کی قیمت 105 روپے مقرر ہے۔

سرکاری لسٹ کے مطابق خربوزہ درجہ اول 70 روپے فی کلع سے زائد قیمت پر فروخت نہیں کیے جاسکتے درجہ دوم خربوزہ کی قیمت 58 روپے مقرر ہے،درجہ اول چیکو 105 درجہ دوم 85روپے مقرر ہے، اڑو 166اور درجہ دوم 117 روپے مقرر ہے تربوز کی خوردہ سرکاری قیمت 42 روپے کلو مقرر کی گئی سرکاری لسٹ کے مطابق گرما 58 روپے کلو سے زاید قیمت پر فروخت نہیں کیا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔