بلوچستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے لئے خصوصی بسیں چلانے پرغور

محمد شعیب  بدھ 8 مئ 2019
صوبے کے7 اضلاع میں خواتین کے دستکاری سینٹرز اور فنی تعلیمی مراکز بھی قائم کئے جائیں گے . فوٹو : فائل

صوبے کے7 اضلاع میں خواتین کے دستکاری سینٹرز اور فنی تعلیمی مراکز بھی قائم کئے جائیں گے . فوٹو : فائل

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے لئے خصوصی گلابی بس سروس چلانے پر غور کیا جارہا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے ترقی نسواں نے بلوچستان کے 7 اضلاع میں خواتین کے دستکاری سینٹرز، فنی تعلیمی مراکز کے قیام، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں گلابی بس سروس اور محکمہ ترقی نسواں کا نام تبدیل کرکے خواتین کو با اختیار بنانے کا محکمہ رکھنے کی سفارشات پر مبنی رپورٹ مرتب کرلی۔

مجلس عمومی برائے ترقی نسواں نے اپنی رپورٹ میں حکومت سے سفارش کی ہے کہ بلوچستان کے ضلع تربت، پنجگور ،آواران، خاران، لسبیلہ، پشین اور ضلع ژوب میں خواتین کے دستکاری سینٹر اور فنی تعلیمی مرکز کے قیام کے لیے231 ملین روپے کی گرانٹ مہیا کی جائے۔

مجلس عمومی نے حکومت سے سفارش کی ہے کہ کوئٹہ سمیت ڈویژن، ہیڈ کورٹرز میں خواتین کیلئے گلابی بس سروس شروع کرکے تمام قومی شاہراہوں  پر خواتین کے لیے الگ واش رومز کا بندوبست کیا جائے اور محکمہ ترقی نسواں کی بجائے محکمہ کا نام خواتین کو بااختیار بنانے کا محکمہ ( Women Empowerment Department) کے نام سے تبدیل کیا جائے۔

مجلس عمومی برائے ترقی نسواں کی سفارشات کو بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ سیشن میں پیش کیا جانا تھا تاہم مقرر وقت ختم ہونے پر رپورٹ پیش نہیں کی جاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔