عمر چھوٹی لیکن حوصلے چٹان؛ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا 10 سالہ سلینا خواجہ کا عزم

احتشام بشیر  جمعرات 9 مئ 2019
کم عمر کوہ پیما کو ماؤنٹین کوئین یعنی پہاڑوں کی ملکہ کا بھی خطاب دیا گیا ہے فوٹو: ایکسپریس

کم عمر کوہ پیما کو ماؤنٹین کوئین یعنی پہاڑوں کی ملکہ کا بھی خطاب دیا گیا ہے فوٹو: ایکسپریس

پشاور: ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ کوہ پیما سلینا خواجہ کی عمر تو چھوٹی ہے لیکن حوصلے چٹان جیسے ہیں اور ارادے دنیا کا بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ س کرنے کے ہیں۔

خیبر پختون خواہ کے علاقے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ کوہ پیما سلینا خواجہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ارادہ کرلیا ہے، اگر سلینا خواجہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ امریکا اور بھارت کا ریکارڈ توڑ کر کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرلے گی۔ ننھی کوہ پیما سلینا خواجہ نے بلند ترین چوٹی عبور کرنے کی تیاری کرلی ہے، سلینا خواجہ شمشال وادی میں واقع 5 ہزار 765 میٹر بلند چوٹی ک سر کرچکی ہیں۔

سلینا خواجہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد خواجہ یوسف فزیکل انسٹرکٹر ہیں اور اس مقام تک پہنچنے میں ان کے والد کی کافی محنت شامل ہیں، انہوں نے کافی ہمت دی اور اب تک جتنی بھی چوٹیاں انہوں نے سر کی ہیں اس میں ان کے والد کی حوصلہ افزائی اور محنت شامل ہے، سلینا نے شمشال کی چوٹی موسم سرما میں سر کی تو انہوں نے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

کم عمر کوہ پیما کو ماؤنٹین کوئین یعنی پہاڑوں کی ملکہ کا بھی خطاب دیا گیا ہے۔ 5 ہزار 765 میٹر بلند چوٹی سر کرنے بعد اب سلینا خواجہ 8 ہزار 848 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

سلینا کے والد خواجہ یوسف کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کے کافی حوصلے بلند ہیں اور اب وہ سکردو میں سات ہزار میٹر بلند چوٹی سپن ٹک سر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ماؤنٹ ایورسٹ کم عمری میں سر کرنے کا ریکارڈ امریکہ کے کوہ پیما کے پاس ہے جس نے 13 سال 10 ماہ کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ کو عبور کیا جبکہ بھارت کی پونا نامی لڑکی نے 13 سال 11 ماہ کی عمر میں ماؤنٹ ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا ہے۔ سلینا 11 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ عبور کرکے کم عمر کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔