رمضان بازاروں سے ریلیف ملا، مہنگائی میں اضافہ ہوچکا، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعـء 10 مئ 2019

 لاہور: ایکسپریس فورم کے شرکانے کہاہے کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو ریلیف دینے کیلیے پنجاب بھر میں309رمضان بازار اور 309 ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ قائم کی گئی ہیں۔

حکومت، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ’’ماہ رمضان میں مہنگائی اورحکومتی اقدامات‘‘کے موضوع پر منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کی طرح رمضان بازاروں میں’’اے سی‘‘ اور سی سی ٹی وی کیمروں پر اربوں روپے خرچ کرنے کے بجائے وہی پیسہ بچا کر عوام کو ڈھائی ارب روپے کی مزید سبسڈی دی گئی ہے جو بڑا ریلیف ہے، آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی۔ افسوس ہے کہ موثر منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو ریلیف دینے کیلیے پنجاب بھر میں 309 رمضان بازار اور 309ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ قائم کی گئی ہیں جہاں لوگوں کو سستے داموں اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں مجسٹریٹس کی تعداد بڑھائی گئی ہے لہٰذا ذخیرہ اندوزوں اور مہنگائی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ منڈیوں میں بولی کے وقت کمشنر، ڈپٹی کمشنر یا اسسٹنٹ کمشنر موجود ہوتے ہیں، وہ ہول سیل ریٹ مقرر کرتے ہیں۔ اس کے بعد جو ریٹیلرز اپنی مرضی کے ریٹ پر اشیا فروخت کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

نمائندہ تاجر برادری عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کا تعلق ڈیمانڈ اور سپلائی کے اصول پر مبنی ہے جس کی وجہ حکومتی منصوبہ بندی کا فقدان ہے، اگر ماہ رمضان سے پہلے موثر منصوبہ بندی کی جائے تو بہتری لائی جاسکتی ہے۔ اگر ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی یقینی بنائی جائے تو قیمتوں میں خود بخود کمی آجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔