انڈونیشیا میں روزہ داروں کو سحری میں جیٹ فائٹرز طیارے جگائیں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 10 مئ 2019
جیٹ طیاروں کی تربیتی پروازیں سحری میں کی جائیں گی۔ فوٹو : فائل

جیٹ طیاروں کی تربیتی پروازیں سحری میں کی جائیں گی۔ فوٹو : فائل

جکارتا: انڈونیشیا کی ایئر فورس نے شہریوں کو سحری میں جگانے کے لیے گرج دار آواز والے جیٹ فائٹرز طیارے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کی فضائیہ نے رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنے شہریوں کو جگانے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انڈونیشیا ایئر فورس سحری کے وقت گرجدار آوازیں پیدا کرنے والے جیٹ فائٹرز طیارے اُڑائے گا جس کی آواز سے شہری اُٹھ جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں انڈونیشیا کی فضائیہ نے اعلان کیا کہ اس بار رمضان میں پائلٹس کے تربیتی سیشن سحری کے اوقات میں ہوں گے اور تربیتی پروازیں تمام بڑے شہروں کے گرد چکر لگائیں گی جس سے شہریوں کو سحری کے لیے اُٹھانے کی روایت بھی برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں سحری کے اوقات میں روزہ داروں کو جگانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں گھر گھر دروازہ بجا کر، گلی گلی ڈھول بجا کر یا محلہ محلہ صدا لگا کر اور سائرن بجا کر شہریوں کو بیدار کیا جاتا ہے تاہم سحری میں بیدار کرنے کے لیے جیٹ فائٹرز طیاروں کا استعمال انوکھا اور منفرد عمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔