پتھر پر کندہ تحریر پڑھ کر بتائیں، انعام میں تین لاکھ پائیں

ویب ڈیسک  منگل 14 مئ 2019
فرانس میں سمندر کنارے ایک پتھر پر قدیم تحریر کندہ ہے جسے پڑھنے والے کے لیے لاکھوں روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

فرانس میں سمندر کنارے ایک پتھر پر قدیم تحریر کندہ ہے جسے پڑھنے والے کے لیے لاکھوں روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

فرانس: فرانس کے ایک گاؤں میں ایک بہت بڑے پتھر پر ایک پراسرار تحریر کندہ ہے لیکن اب تک لوگ اس کا مطلب نہیں جان سکے۔ اب گاؤں والوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی سینکڑوں سال پرانی اس تحریر کا راز فاش کرے گا اسے 2250 امریکی ڈالر یا 3 لاکھ روپے انعام میں دیا جائے گا۔

یہ پتھر سمندر کے کنارے موجود ہے جس پر کم ازکم 20 سطریں لکھی ہوئی ہیں۔ اس پر ایک جگہ 1786 اور1787 بھی لکھا ہے لیکن اب تک اس کا راز دریافت نہیں ہوسکا ہے۔ اس پر قدیم بحری جہاز، اس کا عرشہ اور ایک دل کی تصویر بھی کندہ ہے۔

مقامی اسکالروں اور ماہرین نے اس پراسرار نوشتہ سنگ کو پڑھنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ اب بھی مفروضات کی حد تک ہی ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے نیم خواندہ افرد نے پتھر پر بے معنی الفاظ کاڑھے ہیں تاہم ایک گروہ کا اصرار ہے کہ یہ تحریر قدیم بریٹن یا باسک زبان میں ہے۔

فرانس کے اس دیہات پلوگیسٹیل کے میئر ڈومینیک کیپ کہتے ہیں،’ہم نے تاریخ دانوں اور ماہرِ آثار سے رابطہ کیا لیکن کوئی بھی چٹان پر تحریر کا راز نہیں جان سکا۔ اب اس پیغام کو پڑھنے والے کے لیے انعام کا اعلان کیا جارہا ہے۔‘

230 سال قدیم اس تحریر کا مطلب بتانے والے کے لیے 2000 یورو (2250 ڈالر یا 30000 لاکھ روپے) کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس تحریر کو پڑھنے والے کےلیے ضروری ہے کہ وہ پہلے میئر کے دفتر جاکر اپنی رجسٹریشن کروالے اور اس چیلنج کو قبول کرے۔ اگر آپ اس تحریر کو پڑھنے کا مشکل کام کررہے ہیں تو اس کی آخری تاریخ نومبر تک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔