دنیا کے پہلے فولڈ ایبل لیپ ٹاپ کا اعلان کردیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 15 مئ 2019
لینوو کمپنی نے فولڈایبل لیپ ٹاپ پیش کردیا ہے جس کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ فوٹو: پاپولرسائنس

لینوو کمپنی نے فولڈایبل لیپ ٹاپ پیش کردیا ہے جس کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ فوٹو: پاپولرسائنس

اورلینڈو: دنیا بھر میں تہہ ہوجانے والے اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ کی دوڑ جاری ہے اور اب اس ضمن لینووو نے ایک حیرت انگیز خبر دنیا کے پہلے فولڈایبل پی سی یا لیپ ٹاپ کی صورت میں دی ہے اور اس کی ایک جھلک بھی دکھائی ہے۔  

اورلینڈو میں منعقدہ لینووو کی ایک تقریب میں فولڈنگ پی سی پیش کیا ہے جو ایک ساتھ ہی چھوٹے اسکرین کا لیپ ٹاپ، بڑے اسکرین کا ڈیسک ٹاپ، کتابی جسامت کا ٹیبلٹ اور اسٹائلس آپریٹڈ اسکیچ بک میں بھی تبدیل ہوجاتا ہے۔ اگرچہ اس فولڈنگ لیپ ٹاپ کو باضابطہ طور پر کوئی نام نہیں دیا گیا لیکن یہ تھِنک پیڈ ایکس ون فیملی کے تحت پیش کیا جائے گا۔

غور سے دیکھنے پر لگتا ہے کہ 13 انچ کے دو لیپ ٹاپ کو آپس میں جوڑ دیا گیا ہے۔ ہدایات کے لیے اس پر ٹچ اسکرین ہے جو او ایل ای ڈی سے بنا ہے اورٹو کے ریزولوشن فراہم کرتا ہے۔ یہ ونڈوز پرچلتا ہےاوراس کی بیٹری کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے یہ لیپ ٹاپ 24 گھنٹے تک کام کرتی اور اطراف میں یوایس بی سی پورٹ موجود ہیں۔

لینووو نے اسے مکمل پی سی قرار دیا ہے۔ اسکرین کے نیچے ایک ٹچ اسکرین کی بورڈ ہے لیکن یہ بلیوٹوتھ کی بورڈ اور ماؤس سے بھی جڑ سکتا ہے۔ اس کا ڈسپلے ایک سے زائد مانیٹر پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

لینوو نے اس ایجاد کی ایک چھوٹی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

تاہم نئے کمپیوٹروں کے تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اپنی تمام ترخوبیوں کے باوجود لینوو کی اس اہم ایجاد کو استعمال کرنے کے بعد ہی اس کی افادیت کے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا ہےکہ کامیابی کی صورت میں یہ ایک زبردست لیپ ٹاپ ثابت ہوگا ۔ اب تک اس کی ایک جھلک ہی دکھائی گئی ہے اور نہ ہی اس کی قیمت کا کوئی اشارہ دیا گیا ہے۔ خیال ہے کہ 2020 تک یہ عام فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔