ڈاکٹر سلمان شاہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر معاشی امور تعینات

ویب ڈیسک  بدھ 15 مئ 2019
حکومت پنجاب کا ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو بجٹ سازی کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ فوٹو:فائل

حکومت پنجاب کا ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو بجٹ سازی کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ فوٹو:فائل

 لاہور: پنجاب حکومت نے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا نیا مشیر برائے معاشی امور و منصوبہ بندی تعینات کردیا۔

صوبائی حکومت نے ڈاکٹر سلمان شاہ کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق انہیں مشیر برائے معاشی امور اور منصوبہ بندی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹر سلمان شاہ کو فوری چارج سنبھالنے کی ہدایت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرکز کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ

حکومت پنجاب کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا چیلنج درپیش ہے اور بجٹ سازی کے حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیروں کی آئینی تعداد پوری ہونے کے باعث ڈاکٹر سلمان شاہ کو جگہ دینے کے لیے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر اکرم چوہدری عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بننے کی پیشکش بھی ٹھکرادی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اکرم چوہدری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سربراہ بنانے کی پیشکش کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔