کچھ لوگوں کیلئے پہلے لاؤڈ اسپیکر بھی حرام تھا مگر اب پیارا ہوچکا ہے، فواد چوہدری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 مئ 2019
رویت ہلال کیلنڈر 15 رمضان المبارک تک تیار ہو جائے گا، فواد چوہدری فوٹو: فائل

رویت ہلال کیلنڈر 15 رمضان المبارک تک تیار ہو جائے گا، فواد چوہدری فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کے لیے پہلے لاؤڈ اسپیکر بھی حرام تھا مگر اب پیارا ہوچکا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ ماہ اگست کو سائنس وٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دے رہے ہیں۔ گوگل، فیس بک اور مائیکروسافٹ سے لوگوں کو بلانا چاہ رہے ہیں تاکہ بچوں میں سائنس وٹیکنالوجی کا شوق پیدا ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں پی سی ایس آئی آر کی 16 لیباریٹریاں کام کر رہی ہیں، پاکستان بھر میں 9 ریسرچ سینٹر اور 7 لیبارٹریز ہیں، 123 ٹیکنالوجی پی سی ایس آئی آر کی ہیں جسے استعمال کرنا ہے۔ ہمیں سونے، پتھر اور چمڑے کی صنعت پر توجہ دینا ہے، سیالکوٹ میں چمڑے کا کام ہوتا ہے، دنیا بھر کے برانڈ پاکستانی اشیاء سے اپنا نام بنا رہے ہیں لیکن پاکستان کا نام کسی برانڈ میں نہیں بن سکا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے پر 40 لاکھ کے اخراجات آتے ہیں، رویت ہلال کیلنڈر 15 رمضان المبارک تک تیار ہو جائے گا، جو لوگ چاند دیکھنا چاہیں وہ ایپ کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔ کچھ لوگوں کے لیے پہلے لاؤڈ اسپیکر بھی حرام تھا مگر اب پیارا ہو چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔