متوقع بارش، تندو تیز ہوائیں، بلدیہ عظمیٰ میں ایمرجنسی نافذ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 16 مئ 2019
سالڈویسٹ بورڈکچرااٹھانے میں ناکام،شہری شکایات1339پردرج کرائیں، میئر کی نالوں پرتجاوزات ختم کرنے کی اپیل۔ فوٹو: فائل

سالڈویسٹ بورڈکچرااٹھانے میں ناکام،شہری شکایات1339پردرج کرائیں، میئر کی نالوں پرتجاوزات ختم کرنے کی اپیل۔ فوٹو: فائل

کراچی: میئرکراچی وسیم اختر نے شہر میں متوقع بارشوں اور طوفانی سمندری ہواؤں کی پیش گوئی کے باعث بلدیہ عظمیٰ کے متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی۔

میئر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ تمام مشینری سمیت عملے کو فعال حالت میں رکھا جائے،بارش کے دوران یا بعدکس بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کام شروع کیا جائے، شہریوںکوکسی بھی ممکنہ دشواری سے بچایا جاسکے،بارشوں کے دوران کسی بھی شکایت کیلیے شہری اپنی شکایات 1339پر بھی درج کرائیں۔

انہوں نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں پر عملہ متعین کیا جائے کیونکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کچرا اٹھانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ،ادارے کی ناقص کارکردگی سے شہرکا تمام کچرا نالوں میں بھرا ہوا ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ صفائی کے باوجود نالے مکمل صاف نہیں ہورہے ہیں،لاکھوں ٹن کچرا روزانہ کی بنیاد پر نالوں میں ڈالا جاتا ہے اور جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں ان پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے،تمام انڈرپاسز میں نکاسی آب کا نظام بلارکاوٹ جاری رہنا چاہیے ان علاقوں پر توجہ دی جائے جہاں ماضی میں برساتی پانی جمع رہنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔

توقع ہے کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پائی جانے والی صورتحال کے پیش نظر ایسے اقدامات کریگا جن سے فراہمی و نکاسی آ ب کی لائنوں سے رساؤ اور سیوریج لائنوں کے چوک ہونے کی وجہ سے اوور فلو روکا جاسکے ۔

میئرکراچی نے کہا کہ شہریوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ برساتی نالو ں میںکچرا پھینکنے سے گریزکریں اور ان کے اوپر قائم کی گئیں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔