عمران سرکارکی نااہلی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی،ترجمان بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مئ 2019
اسد عمر کی ناکامی کے بعد لائے گئے مشیر خزانہ بھی منظر سے غائب ہیں، ترجمان بلاول بھٹو فوٹو: فائل

اسد عمر کی ناکامی کے بعد لائے گئے مشیر خزانہ بھی منظر سے غائب ہیں، ترجمان بلاول بھٹو فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ عمران سرکار کی نااہلی اور نالائقی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ڈالر اوپر جا رہا ہے جب کہ اسٹاک مارکیٹ اور روپیہ گررہے ہیں، عمران سرکار کی نااہلی اور نالائقی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے، حکومت عوام اور اپوزیشن کو وقت سے پہلے سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کررہی ہے، اسد عمر کی ناکامی کے بعد لائے گئے مشیر خزانہ بھی منظر سے غائب ہیں، حفیظ شیخ ٹیکس ایمنسٹی کا اعلان کر کے پھر چھپ گئے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ حفیظ شیخ کو لایا ہی امرا کو فائدہ دینے اور غریبوں کو لوٹنے کے لئے گیا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ قوم کو بتائیں کہ ڈالر اور اشیائے ضروریہ مزید کتنی مہنگی ہوں گی، بتائیں کہ آئی ایم ایف کا کیا معاہدہ مسلط کیا گیا ہے؟، عوام کب تک حکومت کی معاشی نالائقیوں کی وجہ سے مہنگائی کا بوجھ برداشت کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔