شادی اسکینڈل؛ گرفتار 11 چینی باشندوں کی درخواست ضمانت خارج

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مئ 2019
ملزمان کو  ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

لاہور: شادی اسکینڈل میں گرفتار 11 چینی باشندوں کی درخواست ضمانتیں خارج ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں چینی باشندوں کی جانب سے غریب گھرانوں کی نوجوان لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر چین بھیجنے اور وہاں ان سے غیر اخلاقی حرکات کروانے والے چائینز باشندوں کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا تھا اور ان سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

گزشتہ روز چینی باشندوں کی ضمانتوں کے لیے درخواستیں پیش کی گئی تھیں جنہیں عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو  ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ چینی باشندے ضمانتوں کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔

دوسری جانب چینی باشندوں سے شادی کرنے والی مسلمان اور مسیحی لڑکیوں نے ایف آئی اے کی کارروائی سےتحفظ کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے، صائمہ تبسم اور شبانہ عاشق نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست میں اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں بتایا گیا کہ صائمہ تبسم نے لی یانگ چینگ سے 25 جنوری نکاح کیا جب کہ شبانہ عاشق نے زو شو فینگ سے کرسچن قوانین کے تحت 18 جنوری کو شادی کی۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے 7 مئی کو چین جانے والے جہاز سے چینی شوہروں کے ہمراہ آف لوڈ کر دیا، کئی گھنٹے ایئر پورٹ پر غیر قانونی حراست میں رکھا اور چینی شوہروں کے ساتھ جانے سے روکا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چینی شوہروں کو زبردستی ان کی بیویوں کے بغیر چین بھجوا دیا گیا۔

درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے درخواست گزاروں کے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات قبضہ میں لے رکھی ہیں. درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور ایف آئی اے کو درخواست گزاروں کے پاسپورٹ سمیت دیگر دستاویزات واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔
 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔