روپے کی قدر میں کمی کیلیے کچھ لوگوں کو برآمد کیا گیا، مریم نواز

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مئ 2019
روپےکی قدرمیں کمی سے666 ارب کے قرضے بڑھ گئے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

روپےکی قدرمیں کمی سے666 ارب کے قرضے بڑھ گئے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر روپے کی بے قدری کی جارہی ہے اور اس کے لیے کچھ لوگوں کو باقاعدہ برآمد کیا گیا۔

روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر رد عمل دیتے ہوئے مریم نواز نے ٹویٹر پر کہا کہ کسی کو نئے پاکستان کے بارے میں غلط فہمی نہ رہے،  نوازشریف کی قیادت میں روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ دونوں مستحکم تھے اور ملکی اسٹاک مارکیٹ دنیا کی مستحکم ترین مارکیٹ تھی، لیکن نئے پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ میں روزانہ انڈیکس کا قتل عام ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچا

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں خطرناک حد تک بے روزگاری، گیس اور بجلی سمیت ہرچیز کی قیمت میں اضافہ ہوا، عوام کومہنگائی نےبری طرح کچل دیا، روپے کی قدر میں کمی سے 666 ارب کے قرضے بڑھ گئے، جان بوجھ  کر روپے کی بے قدری کی جارہی ہے اور کچھ  لوگوں کو اس کے لیے برآمد کیا گیا تاکہ روپے کی قدر میں کمی لائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔