حکومت میں صلاحیت نہیں کہ پاکستان کے مفاد میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتی، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مئ 2019
معاہدے کے نتیجے میں ہر روز بجلی اور گیس مہنگی ہوگی اور ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو گا، ترجمان (ن) لیگ (فوٹو: فائل)

معاہدے کے نتیجے میں ہر روز بجلی اور گیس مہنگی ہوگی اور ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو گا، ترجمان (ن) لیگ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈالر کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر آنا ’آئی ایم ایف‘ کے ’آئی ایم ایف‘ سے کامیاب معاہدے کے اثرات ہیں۔

ڈالر مہنگا اور روپے کی قدر میں مزید کمی پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ سے ملک و قوم پر نالائق اور نااہل حکومت مسلط ہے، اسی ٹولے کی نالائقی کی وجہ سے ہر روز پاکستان کے عوام کو بری خبر سننا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے طنز کیا کہ  ’آئی ایم ایف‘ کے ’آئی ایم ایف‘ سے کامیاب معاہدے کے بعد ہر روز روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ بھی ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صرف 9 ماہ کے عرصے میں مہنگائی کی شرح 3 گنا بڑھی اور ترقی کی شرح آدھی ہوگئی، 8 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں، حکومت ہر روز 16 ارب قرض لے رہی ہے  اور اب تک 3600 ارب قرض لیا جاچکا ہے، معاہدے کے نتیجے میں ہر روز بجلی اور گیس مہنگی ہوگی اور ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عوام کے تمام منصوبوں سے سبسڈی ختم اور ریلیف چھینا جارہا ہے، عمران خان کی نالائق اور نااہل ٹیم میں اتنی صلاحیت نہیں کہ پاکستان کے مفاد میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کرتی، اسی وجہ سے ’آئی ایم ایف‘ کی ٹیم بھرتی کرنا پڑی اور ملک کو ’آئی ایم ایف‘ کے پاس گروی رکھ دیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو چور دروازے سے کی گئی ’آئی ایم ایف‘ ڈیل اور ایمنسٹی پر بند کمرے میں بریفنگ دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔