ڈالر بھی عمران نیازی کی طرح کسی جگہ نہیں ٹھہر رہا، حمزہ شہباز

ویب ڈیسک  جمعـء 17 مئ 2019
ملکی معیشت اب ملک کے ہاتھ میں نہیں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہے، حمزہ شہباز۔  فوٹو: فائل

ملکی معیشت اب ملک کے ہاتھ میں نہیں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہے، حمزہ شہباز۔ فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ تبدیلی ہر روز قوم کی چیخیں نکلوا رہی ہے، اور ڈالر بھی نیازی صاحب کی طرح کسی جگہ ٹھہر نہیں رہا۔

ڈالر کی قیمت مزید بڑھنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی نالائق ترین حکومت نے ملکی معیشت تباہ کر دی اور ان کی نالائقی کی وجہ سے ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، ڈالر بھی نیازی صاحب کی طرح کسی جگہ ٹھہر نہیں رہا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے اداروں پر بیرونی قوتوں کو مسلط کر دیا ہے، اور معیشت میں بھی بی آر ٹی ماڈل فالو کررہے ہیں، ملکی معیشت اب ملک کے ہاتھ میں نہیں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہے، ڈالر روز مہنگا ہونے سے مہنگائی کے طوفان میں مسلسل اضافہ ہوگا، ڈالر کی روز بدلتی قیمتیں اور تبدیل ہوتا روپیہ تباہی لارہا ہے، جب کہ ملکی  قرض اور ہر روز غریبوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، عمران خان نے صرف عوام کی چیخیں نکلوانے کا وعدہ پورا کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ روپے کی بے قدری کا یہی عالم رہا تو بزنس تو دور ریڑھی لگانا بھی مشکل ہو جائے گا ، عمران خان نے خود آئی ایم ایف سے ہاتھ ملا لیا، خود کشی قوم کے لئے چھوڑ دی ،ملک وقوم کی تباہی پر چپ نہیں بیٹھیں گے، ہم اب عوام پر آپ کا ظلم برداشت نہیں کر سکتے، اب آپ کو جانا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔