قبائلیوں کے مسائل وہاں کے عوام کی مشاورت سے حل کریں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 مئ 2019
 اب پورے قبائلی علاقے کی آواز ملک کے کونے کونے میں جائے گی، عمران خان۔ فوٹو:فائل

اب پورے قبائلی علاقے کی آواز ملک کے کونے کونے میں جائے گی، عمران خان۔ فوٹو:فائل

پشاور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلیوں کے مسائل قبائلی عوام کی مشاورت سے حل کریں گے اور نیا قبائلی نظام  پرانے نظام کے ساتھ چلے گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق خیبر پختونخواہ صوبائی کابینہ سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران قربانیاں دیں، ان کے عوام بہت مشکل میں تھے، ہروقت ڈرون کی پروازیں ہورہی تھی اور ایسے مشکل حالات میں قبائلی عوام کے لیے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں تھا، پھر عمائدین کے ذریعے وہاں امن قائم کیا گیا اور اب پورے قبائلی علاقے کی آواز ملک کے کونے کونے میں جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کو ضم کرنا آسان کام نہیں تھا، نیا قبائلی نظام پرانے نظام کے ساتھ چلے گا اور قبائلیوں کے رہن سہن و روایات سے متصادم نہیں ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ نظام سے قبائلی روایات اور طرز زندگی زیادہ متاثر نہ ہو، نئے نظام میں ہر گاؤں اپنا فیصلہ خود کرے گا اور ڈائریکٹ فنڈز جائیں گے جب کہ ہماری کمیٹی مسلسل بیٹھ کر مسائل حل کرتی جائے گی اور قبائلیوں کے مسائل قبائلی عوام کی مشاورت سے حل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔