چینی باشندوں کو عیسائیت کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا انکشاف

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 مئ 2019
جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں ملوث پادریوں کے خلاف وہ ازخود کارروائی کریں گے، منتظمین گرجا گھر (فوٹو: فائل)

جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں ملوث پادریوں کے خلاف وہ ازخود کارروائی کریں گے، منتظمین گرجا گھر (فوٹو: فائل)

لاہور: مسیحی لڑکیوں سے شادی کے لیے چینی باشندوں کو عیسائیت کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے چینی لڑکوں سے پاکستانی لڑکیوں کی شادیوں کے معاملات کی چھان بین کی تو معلوم ہوا کہ چینی باشندوں کو عیسائیت کے جو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ان میں سے اکثریت بوگس اور جعلی نکلیں ان شادیوں میں عیسائی میرج  قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزیاں کی گئی اور یہ کام لڑکیوں کے والدین کی مکمل رضامندی کے ساتھ عمل میں لایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایف آئی اے نے 2 پادریوں کو گرفتار بھی کیا ہے تاہم اب ایف آئی اے نے گرفتار پادریوں سے ملنے والی دستاویزات پر اور مزید افراد کے ملوث ہونے والے پادریوں کے خلاف کارروائی روک دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ گرجا گھروں کے منتظمین نے ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے اس حوالے سے بات کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں ملوث پادریوں کے خلاف وہ ازخود کارروائی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے شادیوں کے معاملات کی مزید تحقیقات کے لیے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اف پاکستان (ایس ای سی پی) سے بھی رابطہ کیا ہے اور ان سے بھی کچھ کمپنیوں کے بارے میں معلومات مانگی ہیں جہنوں نے لاہور سمیت ملک کے دیگر ائیر پورٹس پر چینی باشندوں کو آن ارائیوال ویزا دینے کے لیٹرز جاری کیے اور  پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن ایس ای سی پی کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔