وزیراعظم کے استعفی کیلیے (ن) لیگ کی پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 18 مئ 2019
خراب معاشی حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں، مسلم لیگ (ن) (فوٹو: فائل)

خراب معاشی حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں، مسلم لیگ (ن) (فوٹو: فائل)

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرادی۔

قرارداد (ن) لیگ پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جمع کرائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں خطرناک معاشی بحران پیدا ہو چکا ہے، روپے کی قدر میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 150 روپے سے تجاوز کرگیا ہے، اسٹاک مارکیٹ تین سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے۔

قرارداد کے مطابق موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تک پہنچ چکی تھی جبکہ اسٹاک مارکیٹ 52 ہزار پوائنٹ سے بھی تجاوز کرچکی تھی لیکن موجودہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے اب ترقی کی شرح 2.7 فیصد پر آگئی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ مسلسل گروٹ کا شکار ہے اس کی بنیادی وجہ پاکستان کے زرمبادلہ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے اور ان تمام حالات کے ذمہ داربراہ راست وزیر اعظم عمران خان ہیں لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں کیوں کہ ملکی حالات مزید بحرانوں کے متحمل نہیں ہوسکتے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر فی الفور نئے انتخابات کرائے جائیں یا وزیراعظم کا انتخاب دوبارہ عمل میں لایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔