فتح کو ترسے گرین شرٹس آج آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ کے مد مقابل

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 19 مئ 2019
سیریزگنوانے کے بعد بحالی وقار کی کوشش،امام کی جگہ حارث کی شمولیت متوقع۔ فوٹو: اے ایف پی

سیریزگنوانے کے بعد بحالی وقار کی کوشش،امام کی جگہ حارث کی شمولیت متوقع۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: آخری10 ون ڈے میچز میں فتح کو ترسے گرین شرٹس اتوار کو آخری میچ میں میزبان کے مقابل ہوں گے۔

انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوا،دوسرے میں میزبان ٹیم کی جانب سے دیا جانے والے 374 کاہدف حاصل کرتے ہوئے گرین شرٹس 12رنز پہلے ہمت ہار گئے،تیسرے میچ میں پاکستان 359،چوتھے میں 341رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔

ناٹنگھم میں جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم نے جیت کا موقع اپنی ناقص بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے گنوایا،انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو جیمز ونس43رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جیسن روئے (114)کی وکٹ گری تو ٹوٹل 201تھا۔

پاکستانی بولرز نے اس موقع پر جوئے روٹ(36)، جوز بٹلر(0)اور معین علی(0)کی وکٹیں حاصل کرنے کے بعد فتح کی امید جگائی لیکن صرف 6پر رن آؤٹ ہونے والے ٹام کیورن کو سرفراز احمد اور تھرڈ امپائر کی غفلت کی وجہ سے چانس ملا، انھوں نے قیمتی 31رنز بناکر میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا،بین اسٹوکس 71پر ناقابل شکست رہے۔

سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج  ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا،پاکستانی اسکواڈ گذشتہ روز لیڈز پہنچ گیا البتہ پریکٹس سے گریز کرتے ہوئے آرام کو ترجیح دی، سیریز تو ہاتھ سے نکل چکی اب پانچویں ون ڈے میں کامیابی ورلڈکپ سے قبل گرین شرٹس کا اعتماد بحال کرسکتی ہے۔

ناٹنگھم میں امام الحق صرف 3 رنز بنانے کے بعد کہنی پر گیند لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے،اوپنر بعد ازاں ایکسرے کرواکے آخر میں بیٹنگ کیلیے آئے لیکن ٹیم مینجمنٹ انھیں آرام دینے کا فیصلہ کرسکتی ہے،اس صورتحال میں حارث سہیل کی واپسی ممکن ہو گی، محمد عامر کو آزمانے کی ضرورت محسوس ہورہی تھی لیکن ڈاکٹر نے اجازت نہیں دی،باقی اسکواڈ میں تبدیلی کا امکان نظر نہیں آتا،پاکستان کی بیٹنگ لائن تو فارم میں ہے۔

امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم ایک ایک سنچری اسکور کرچکے،شعیب ملک اور محمد حفیظ نے بھی فارم کی جھلک دکھ دی ہے،اصل تشویش فیلڈنگ اور بولنگ میں ہے،محمد حسنین نے چند خطرناک گیندیں کیں اور تجربہ کم ہونے کے باوجود صلاحیتوں کا اظہار کیا،عماد وسیم بھی پہلی بار بہتر فارم میں نظر آئے، حسن علی اور جیند خان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،پاکستان کو اگر انگلش بیٹنگ لائن کے آگے بند باندھنا ہے تو بولرز کو خواب غفلت سے جاگنا ہوگا۔

دوسری جانب انگلش ٹیم میں کپتان ایون مورگن اور جونی بیئراسٹو کی واپسی کا امکان ہے، شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے ٹام کیورن کے ساتھ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کو بھی برقرار رکھا جائے گا،جیسن روئے کی بیٹی بیمار ہے، اس کے باوجود انھوں نے چھٹی کیلیے کوئی درخواست دینا ضروری نہیں سمجھا، ہیڈنگلے کی کنڈیشنز بیٹنگ کیلیے سازگار سمجھی جاتی ہیں لیکن کبھی کبھار پچ دھوکا بھی دے جاتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔