ویمنز ٹی 20؛ بیٹنگ کے بعد پاکستانی بولنگ بھی بے اثر

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 19 مئ 2019
جنوبی افریقہ 8 وکٹ سے فتحیاب،بسمہٰ معروف کے63رنز کسی کام نہ آ سکے۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ 8 وکٹ سے فتحیاب،بسمہٰ معروف کے63رنز کسی کام نہ آ سکے۔ فوٹو: فائل

پیٹرمارٹزبرگ: دوسرے ویمنز ٹی 20 میں پاکستان کی بیٹنگ کے بعد بولنگ بھی بے اثر ثابت ہوئی اور جنوبی افریقہ نے 8 وکٹ کی فتح سے سیریز فی الحال 1-1 سے برابر کردی۔

129کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان سائیڈ کی پہلی وکٹ تازمن برٹس کی صورت میں 31 کے ٹوٹل پر گری، ثنا میر نے 17 کے انفرادی اسکور پران کا اپنی ہی گیند پر کیچ کیا، دوسری اوپنر لی نے کیپ کے ساتھ مل کر مجموعے کو 127 رنز تک پہنچایا، انھیں ندا ڈار نے 56 رنز پر ارم جاوید کی مدد سے آؤٹ کیا تاہم کیپ نے وننگ رن سے میدان مار لیا، وہ 56 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی پہلی وکٹ ساتویں اوور میں گری جب جویریہ رؤف 16 رنز بناکر سیکھوکھونے کی گیند پر سون لوس کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں، دوسری اوپنر اومائمہ سہیل کپتان بسمہٰ معروف کا زیادہ دیر تک ساتھ نہیں نبھا پائیں اور 23 رنز بناکر لوس کی وکٹ بن گئیں،کیچ سیکھوکھونے نے تھاما، انھوں نے 28 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔

ندا ڈار اس بار صرف 4 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، لوس نے انھیں شبنم اسماعیل کی مدد سے پویلین بھیجا، عالیہ ریاض بھی بڑی اننگز کا خواب پورا نہیں کرپائیں، کلاس کی گیند پر وکٹ کیپر جافتار کا کیچ بننے سے قبل انھوں نے 14 بالز پر ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔

اگلے اوور میں ارم جاوید بغیر کھاتہ کھولے کاپ کی وکٹ بن گئیں، کیچ شبنم اسماعیل نے تھاما، مقررہ اوورز میں پاکستان نے 5 وکٹ پر 128 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف 63 پر ناٹ آؤٹ رہیں، انھوں نے 47 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکے جڑے، سون لوس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔