ورلڈ کپ کوالیفائر کیلیے قومی فٹبال ٹیم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 19 مئ 2019
کمبوڈیا سے پہلا میچ 6 جون کو شیڈول،دوحا میں 11تاریخ کو دوسرا مقابلہ۔ فوٹو:فائل

کمبوڈیا سے پہلا میچ 6 جون کو شیڈول،دوحا میں 11تاریخ کو دوسرا مقابلہ۔ فوٹو:فائل

لاہور: ورلڈکپ کوالیفائرزکیلیے پاکستان فٹبال ٹیم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جب کہ بحرین میں جاری کیمپ میں مجموعی طورپر33 فٹبالرز ایکشن میں ہیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم کو آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرز کا چیلنج درپیش ہے، عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ دوحا میں جاری ہے جس میں قومی کھلاڑی غیر ملکی کوچ جوزانتونیوناگورا کی نگرانی میں بھر پور ٹریننگ کرنے میں مصروف ہیں۔

کھلاڑیوں میں احسان اللہ، مزمل حسین، علی خان نیازی، محمد عمرحیات، احمد فہیم، علی عزیر، محمود خان، محمد ریاض، نوید رحمان، حسن بشیر اور یوسف بٹ ،عبداللہ قاضی، کامران علی اقبال، یعقوب بٹ،ذیشان رحمان، عادل رحمان، عدنان یعقوب،محمد شعبان حسین، راہیس نبی، سمیر نبی، حسن بشیر، محمد علی، نوید، تابش حسین، نثار حسین یاور شامل ہیں، 33 فٹبالرز میں غیر ملکی کلبز کا تجربہ رکھنے والے 16کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

برازیل سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ جوز انتونیو نوگیرا، اسسٹنٹ کوچز محمد حبیب اور محمد عیسیٰ جبکہ معاونت کیلیے گول کیپر کوچ مارسیلو کوسٹا، فزیکل ٹرینر جوز پورٹیلا، فزیو محمد عدنان بھی بحرین میں موجود ہیں۔

ادھر ہیڈ کوچ جوز انتونیو ناگورا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان فٹبال ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں، بحرین میں جاری ٹریننگ کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم اور مقامی باصلاحیت کھلاڑی کے امتزاج سے تشکیل پانے والا اسکواڈ متوازن ہے، بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں کمبوڈیا کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آئی ہے، حریف کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے، اچھی پلاننگ کیساتھ فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں،ٹیم کا مورال بلند اور کھلاڑی اس چیلنج کو قبول کرنے کیلیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پہلا میچ 6اور دوسرا 11 جون کو کھیلا جائے گا، پی ایف ایف کے معاملات میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے گذشتہ 4سال کے دوران پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں بُری طرح متاثر ہوتی رہی ہیں، گزشتہ سال کا تعطل میں چند ماہ کا وقفہ آیا توجوزانتونیو ناگورا کی کوچنگ میں تیاریوں کے بعد پاکستان ٹیم نے ایشین گیمزاورساف کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ادھر سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین شاہ کی سربراہی میں منتخب پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام کھلاڑیوں کا کیمپ بھی اسلام آباد میں جاری ہے ، کیمپ کا حصہ نہ بننے والے کئی کھلاڑیوں کو پی ایف ایف کی طرف سے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔