تھائی لینڈ میں کتے نے نومولود بچے کی جان بچالی

ویب ڈیسک  اتوار 19 مئ 2019
کتے نے مٹی میں دبے نومولود بچے کی اطلاع اپنے مالک کو دی۔ فوٹو : ٹویٹر

کتے نے مٹی میں دبے نومولود بچے کی اطلاع اپنے مالک کو دی۔ فوٹو : ٹویٹر

بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک کتے نے دفن کیے گئے بچے کی اطلاع اپنے مالک کو دے کر نومولود بچے کی جان بچالی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقے میں کھیتوں کے تحفظ پر مامور کتے نے زمین میں دفن کیے گئے بچے کی بروقت اطلاع دیکر نومولود کی زندگی بچالی۔

کھیت میں کام کرنے والے کسان کا کہنا تھا کہ کتے نے مٹی میں دبے بچے کے اطراف کی جگہ کو صاف کیا اور بچے پر سے مٹی چاٹ کر بھونکنا شروع کردیا، میں نے جا کر دیکھا تو ایک نومولود بچہ دبا ہوا تھا۔

پولیس نے بچے کو اسپتال منتقل کیا جہاں نومولود کو طبی امداد فراہم کی اور اب وہ خطرے سے باہر ہے۔ بچے کو مبینہ طور پر نو عمر ماں نے دفن کیا تھا تاہم اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔

کتے کی جانب سے نوزائیدہ بچے کو بچانے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے کتے کو ہیرو کا لقب دے دیا جس نے بچے کی ماں سے بڑھ کر ہمدردی اور محبت کا مظاہرہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔