ہندو ووٹرز کی خوشنودی کیلیے مودی کے یوگی بننے کے ڈھونگ پر اپوزیشن کی کڑی تنقید

ویب ڈیسک  اتوار 19 مئ 2019
مودی نے ہندوؤں کے مقدس غار میں تپیسیا بھی کی۔ فوٹو : ٹویٹر

مودی نے ہندوؤں کے مقدس غار میں تپیسیا بھی کی۔ فوٹو : ٹویٹر

نئی دلی: وزیراعظم نریندرا مودی ہندو ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے کیدرناتھ مندر پہنچ گئے اور ایک غار میں یوگیوں کی طرح کئی گھنٹے خاموش بیٹھے رہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو  اپوزیشن جماعت کانگریس اور دیگر جماعتوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا ہے تاہم اس بار معاملہ سنگین اور کسی حد تک حساس بھی ہے۔

وزیراعظم مودی انتخابات کے آخری اور سب سے اہم مرحلے سے محض 24 گھنٹے پہلے اترکھنڈ کے 2 روزہ دورہ پر پہنچے اور ہندو ووٹرز کی خوشنودی کیلیے ہمالیہ سلسلے میں واقع ہندو دیوتا شیوا کے کیدرناتھ مندر بھی گئے اور پوجا پاٹ کی۔

شاہانہ مزاج رکھنے والے مودی جہاں سفارتی آداب بھول جاتے ہیں ویسے ہی مندر کی روایات کو بھی پس پشت ڈال دیا اور کیدرناتھ مندر تک ’سرخ قالین‘ پر چلتے ہوئے گئے حالانکہ یہ وہ مقام ہے جہاں ہندو احتراماً اپنے جوتے تک اتار دیتے ہیں۔

Modi

وزیراعظم مودی نے کیدر ناتھ مندر کے قریب ہندوؤں کے ایک مقدس غار میں روایتی لباس پہنے تپیسیا بھی کیا اور گیان لیا، وہ کئی گھنٹوں تک یوگیوں کی طرح آنکھیں بند کیئے اور کوئی حرکت کیئے بغیر خاموش بیٹھے رہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے مودی کی اس حرکت کو ڈھونگ اور ڈرامہ قرار دیتے ہوئے آڑے ہاتھوں لیا اور مودی پر مندر کے تقدس کی پامالی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شیوا کا سچا پجاری اپنی انا کو قربان کرتا ہے نا کہ ریڈ کارپٹ پر مندر جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔