ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیاں، نئی پریزنٹیشن تیار

سلیم خالق  منگل 21 مئ 2019
احسان مانی آج جائزہ لیں گے،پھروزیراعظم کے پاس منظوری کیلیے لے جایاجائے گا۔ فوٹو: فائل

احسان مانی آج جائزہ لیں گے،پھروزیراعظم کے پاس منظوری کیلیے لے جایاجائے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مجوزہ تبدیلیوں پر نئی پریزنٹیشن تیار کر لی۔

وزیر اعظم عمران خان ابتدا سے ہی ڈومیسٹک کرکٹ سے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی چھٹی چاہتے ہیں،اب وہ اقتدار میں آ گئے تو پی سی بی نے اس حوالے سے کام شروع کر دیا تھا، گذشتہ عرصے پہلی پریزنٹیشن سابق کپتان نے مسترد کر دی تھی، ان کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے اب نئی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے واپس آنے والے احسان مانی اس کا جائزہ لیں گے،پھر وزیر اعظم عمران خان کے پاس منظوری کیلیے لے جایا جائے گا۔

ذرائع نے کہا کہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے مجوزہ تبدیلیوں پر کافی کام مکمل کر لیا،بورڈ چاہتا ہے کہ رواں برس ہی اطلاق کر دیا جائے، البتہ اب بھی بہت سے معاملات حل طلب ہیں۔

واضح رہے کہ نئے نظام میں سندھ، پنجاب، کے پی کے، بلوچستان اور فیڈرل ایریاز کی ایسوسی ایشنز بھی بنیں گی، ان کے صدور کا انتخاب علاقائی ایسوسی ایشنز کو کرنا ہوگا،6 ٹیموں کا صوبائی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کرایا جائے گا، ان میں پنجاب کی2سائیڈز شامل ہوں گی، نچلی سطح کے ٹورنامنٹ میں کراچی، لاہور جیسے ناموں سے شہروں کی ٹیمیں کھلانے کا منصوبہ ہے۔

پلان کے مطابق ہر ایسوسی ایشن کا ایک ڈپارٹمنٹ اسپانسر ہوگا،ذرائع کا کہنا ہے کہ سوائے سرکاری اداروں کے کوئی بھی اسپانسر شپ میں دلچسپی نہیں رکھتا، بورڈ کو اس حوالے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس حوالے سے کچھ عرصے میں ہی صورتحال واضح ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔