زائد فیس وصول کرنے پر سی اے ایس اسکول کو نوٹس

صفدر رضوی  منگل 21 مئ 2019
اس بار تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے اسکول فیس ادا کرنی ہے، طالب علم کے والدین کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

اس بار تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے اسکول فیس ادا کرنی ہے، طالب علم کے والدین کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

کراچی:  کراچی کے معروف نجی اسکول سی اے ایس کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکام پرعملدرآمدکے بجائے فیسوں میں مزید اضافے کے بعد محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے اسکول انتظامیہ کو اظہار وجوہ کا حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے اسے تنبیہ کی ہے کہ 7 روز کے اندراس نوٹس کا جواب نہ دینے کی صورت میں اس کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی اور برٹش کونسل کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں قائم سی اے ایس کیمبرج سسٹم کے تحت چلنے والے شہر کے نامور تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کی 3 ماہ کی فیس پہلے ہی  85ہزار روپے سے زائد تھی تاہم اب اسکول کی جانب سے والدین کو بھجوائے گئے فیس واؤچر کے بعد ایک نیا طوفان کھڑا ہوگیا ہے جب والدین کو علم ہواکہ اس بار انھیں تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے تک فیس ادا کرنی ہے۔

اسکول میں زیر تعلیم ایک بچے کے والدین نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ برس 2018 میں انھوں نے جولائی سے ستمبر تک 3 ماہ کی فیس کا جو واؤچر دیا گیا ہے۔ اس میں فیس کی مد میں ایک لاکھ 44 ہزار روپے سے بھی زیادہ رقم ادا کرنی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ منسوب صدیقی نے کہاکہ فیس میں مزیداضافے کی شکایات ہمیں موصول ہوئی ہے اسکول کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، سپریم کورٹ کے احکام پرعملدرآمد اوروالدین کوآسانی پہنچانے کے لیے اسکول کوہرصورت قانون کی پابندی کرنی ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔