چیف سلیکٹر انضمام الحق کل انگلینڈ روانہ ہورہے ہیں

محمد یوسف انجم  منگل 21 مئ 2019
انضمام الحق انگلینڈ میں بلے بازوں کی خامیوں کو دور کرنے میں معاونت کرسکتے ہیں۔  فوٹو : فائل

انضمام الحق انگلینڈ میں بلے بازوں کی خامیوں کو دور کرنے میں معاونت کرسکتے ہیں۔ فوٹو : فائل

لاہور  : چیف سلیکٹر انضمام الحق کل انگلینڈ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ  دو مزید ذمہ داریاں نبھاسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  سابق کپتان 15 جون تک انگلینڈ میں قیام کریں گے اور چیف سلیکٹر نیٹ پریکٹس کے دوران پاکستان ٹیم کو دستیاب بھی ہوں گے، پاکستانی بلے بازوں کو بیٹنگ میں بہتری کے لیے ٹپس دینے کے ساتھ پلینگ الیون کے انتخاب میں بھی ٹیم مینجمنٹ کی مدد کریں گے۔

انضمام الحق ٹیم ہوٹل میں بھی قیام نہیں کررہے بلکہ وہ برمنگھم میں رہائش اختیار کریں گے، بورڈ ترجمان نے انضمام کی انگلینڈ روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق پاکستان اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے، وہ  نیٹ پر بلے بازوں کی خامیوں کو دور کرنے میں معاونت کرسکتے ہیں اور پلینگ الیون کے انتخاب میں اگر ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد ان سے مدد لینا چاہیں تو انضمام الحق سے مشاورت کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔