ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہونے کی خواب میں بشارت ہوگئی تھی، وہاب ریاض

عباس رضا  منگل 21 مئ 2019
2 سال ٹیم سے باہر تھا تو لگا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے،وہاب ریاض فوٹو: اسکرین گریب

2 سال ٹیم سے باہر تھا تو لگا کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے،وہاب ریاض فوٹو: اسکرین گریب

 لاہور: فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کچھ روز پہلے ہی خواب آیا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا فون آیا ہے، تمہارے لئے آخری موقع ہے، یہ خواب سچ ثابت ہوگیا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ 2سال قومی ٹیم سے باہر رہ کر بہت کچھ سیکھا ہے، پہلے سے پختہ کار بولر بن گیا ہوں، کوشش ہوگی کہ میرا تجربہ ٹیم کے کام آئے،انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلا ،ٹیسٹ میچز کی وجہ سے وہاں کی پچز اور ماحول کا اندازہ ہے،قومی ٹیم کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مجھے شامل کیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل کھیلنے کی وجہ سے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہوں، کوشش ہوگی کہ توقعات پر پورا اتروں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں وکٹیں خشک ہوں گی اور ریورس سوئنگ کرنے والوں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ کچھ روز پہلے ہی خواب آیا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا فون آیا ہے، تمہارے لئے آخری موقع ہے، یہ خواب سچ ثابت ہوگیا، میرے والد کی بہت خواہش تھی کہ ورلڈکپ کھیلوں، فیلڈنگ کی وجہ سے انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں پاکستان پر حاوی ہونے کا موقع ملا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔