احتساب صرف (ن) لیگ کا ہورہا ہےجسے جان بچانی ہے حکومتی بینچز پر چلاجائے، شاہد خاقان

ویب ڈیسک  منگل 21 مئ 2019
جھوٹ جو بھی بول رہا ہے بدنام سیاستدان ہورہے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو: فائل

جھوٹ جو بھی بول رہا ہے بدنام سیاستدان ہورہے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج صرف (ن) لیگ کا احتساب ہورہا ہے جس کو جان بچانی ہے وہ حکومتی بینچز پر چلاجائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پچھلے 4 دن میں نیب سے متعلق جو ہورہا ہے اس پر تشویش ہے، شہبازشریف کی چیئرمین نیب سے کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، جھوٹ جو بھی بول رہا ہے بدنام سیاستدان ہورہے ہیں، چیئرمین نیب سے یہ بھی منسوب کیا گیا کہ نوازشریف بھی رقم دینے کو تیار ہیں جب کہ فوادحسن فواد پر سفارش کرانے پر مقدمہ ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب نے بیوروکریسی کو مفلوج کردیا ہے، علیم خان کی ضمانت ہوجاتی ہے جب کہ فواد حسن فواد اور احد چیمہ کی نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ معذرت سے کہتا ہوں نیب غیر جانبدار ادارہ نہیں، نیب کے پیدا کیے گئے مسائل کا جواب کون دے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج صرف (ن) لیگ کا احتساب ہورہا ہے جس کو جان بچانی ہے وہ حکومتی بینچز پر چلاجائے، ایک شخص کو پکڑنے کے لیے ایک ادارہ اور سیکڑوں لوگ لگے ہوئے ہیں، معیشت تباہ ہوچکی اور اس میں نیب کابہت بڑاحصہ ہے۔ چیئرمین نیب نے پریس کانفرنس میں اخباری کالم کا کوئی ذکر نہیں کیا، چیئرمین نیب جھوٹ بول رہے ہیں یا کالم نگار نے جھوٹ لکھا ہے، چیئرمین نیب کا انٹرویو سیاست کو بدنام کرنا ہے تو مقصد پورا ہوگیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم سے زیادہ احتساب کے حق میں کوئی نہیں ہے، اخباروں میں سیاستدانوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، چئیرمین نیب نے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں رشوت دینے کی کوشش کی گئی، چیئرمین نیب نے کہا کہ حکومت اور پولیس تعاون نہیں کررہی جب کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو نہیں چھوڑوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔