لاہور ہائیکورٹ کا اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کیلیے قواعد و ضوابط بنانے کا حکم

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 22 مئ 2019
ٹیکسی سروس کا روٹ ہے نہ اجازت نامہ حاصل کیا گیا، درخواست میں مؤقف۔ فوٹو: فائل

ٹیکسی سروس کا روٹ ہے نہ اجازت نامہ حاصل کیا گیا، درخواست میں مؤقف۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر قصور کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

شہری فریدہ نے شہباز اکمل جندران ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے وراثتی اراضی ملی بھگت سے رشتے داروں کے نام کردی، کے باوجود ڈی جی اینٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا، عدالت سے کارروائی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔

دریں اثنا عدالت نے فیکٹریوں اور گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے بچوں کی تعلیم وترتیب کے لیے فنڈز فراہمی کی درخواست پر ڈائریکٹر آف وومن ڈیولپمنٹ پنجاب اور کمشنر سے جواب طلب کرلیا۔

شہری محمد آفتاب کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کے لیے قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دے دیا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹیکسی سروس کا روٹ ہے نہ اجازت نامہ حاصل کیا گیا، عدالتی حکم پر 15 میں سے صرف 3 فریقین نے جواب جمع کروایا جس پر عدالت نے جواب جمع نہ کروانے والے فریقین پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک جواب جمع نہ کروایا گیا تو متعلقہ حکام ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت دیں۔ عدالت نے 18ستمبر تک آخری مہلت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود سینما گھروں سے تفریحی ٹیکس وصول نہ کرنے پر ڈی جی ایکسائز کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔درخواست شہری محمد حسین نے دائر کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔