پاکستان ریورس سوئنگ سے حریفوں پر قابو پائے گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 مئ 2019
پلیئرز فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں،ہیڈکوچ
 فوٹو: فائل

پلیئرز فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں،ہیڈکوچ فوٹو: فائل

 لاہور:  ورلڈکپ میں پاکستان ریورس سوئنگ کی مدد سے حریفوں پر قابو پانے کیلیے پُرامید ہے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا موسم بہتر ہونے سے کنڈیشنز سازگار ہوجائیں گی، ہماری بولنگ میں تجربہ بھی آگیا، بیٹسمین بڑے اہداف کا تعاقب کرنے کی اہلیت ثابت کرچکے، فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں۔  تفصیلات کے مطابق برسٹل میں قومی کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بولنگ اور فیلڈنگ میں چند مسائل ضرور سامنے آئے لیکن کئی مثبت پہلو بھی تھے۔

پاکستانی بیٹنگ سے کبھی 300رنز کی بھی توقع نہیں ہوسکتی تھی، گذشتہ سیریز میں 3بار ساڑھے 350کے قریب رنز بنے، اسٹرائیک ریٹ میں بھی نمایاں بہتری آئی، انھوں نے کہا کہ بیٹسمین بڑے اہداف کا تعاقب کرنے کیلیے پُراعتماد ہیں، کھلاڑی اپنی خامیوںکو دور کرنے اور ورلڈکپ میں بہترین کارکرکردگی دکھانے کیلیے تیار ہیں، قومی کرکٹرز نے پریکٹس کے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا،بیماری سے نجات پاکر کم بیک کرنے والے محمد عامر نے فیلڈنگ سیشن کے بعد نصف گھنٹے تک پوری قوت کے ساتھ بولنگ کی۔

وہ ردھم میں نظر آرہے ہیں،علاج کے بعد واپس آنے والے شاداب خان کے بھی دوران ٹریننگ کوئی مسائل سامنے نہیں آئے،دونوں کھلاڑیوں کی واپسی اور فٹنس ٹیم کیلیے بڑی خوش آئند ہے،انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کا موسم بہتر ہورہا ہے، ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہوگا،خاص طور اننگز کے آخر میں پاکستانی بولرز کو مدد ملے گی،ہماری بولنگ لائن میں تجربہ بھی آگیا، ہم ایک بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے،آرتھر نے کہا کہ پلیئرز فیلڈنگ میں مسائل پر قابو پانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں،فیلڈرز اپنی طے شدہ پوزیشنز کیلیے موزوں پریکٹس کرتے ہوئے بہترکارکردگی دکھانے کیلیے تیارہیں،ہر فیلڈنگ پوزیشن کا بیک اپ پلان بھی تیار کررہے ہیں، کھلاڑی حریف ٹیموں کو ٹکر دینے کیلیے پُرعزم ہیں،ہم اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔