ٹاپ آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا راج

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2019
ابتدائی10کھلاڑیوں میں عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی شامل،شکیب نمبر ون
 فوٹو: فائل

ابتدائی10کھلاڑیوں میں عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی شامل،شکیب نمبر ون فوٹو: فائل

 دبئی: ٹاپ آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا راج ہے ابتدائی10کھلاڑیوں میں عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں دونوں بالترتیب چوتھے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ بنگلہ دیشی شکیب الحسن نمبر ون کے اعزاز کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلیں گے افغانستان کے بھی 2 کرکٹر راشد خان اور محمد نبی فہرست میں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران ٹیموں کا زیادہ انحصار اپنے آل راؤنڈرز پر ہو گا جو بیٹ اور گیند دونوں کے ساتھ کامیابی میں کردار ادا کرسکتے ہیں، اسی کے ساتھ وہ اپنے کپتانوں کو متوازن الیون میدان میں اتارنے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔ سینئر ترین بنگلہ دیش کھلاڑی شکیب الحسن بطور نمبرون آل راؤنڈر ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ 32 سالہ کرکٹر اس وقت بہترین فارم میں ہیں، انھوں نے آئرلینڈ میں کھیلی گئی ٹرائنگولر سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، شکیب نے140 رنز بنائے، جس میں 2ناقابل شکست ففٹیز شامل تھیں، انھوں نے2 وکٹیں بھی لیں،وہ اس وقت آل راؤنڈرز رینکنگ میں شکیب359 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

ان کے بعد سابق نمبرون افغانی راشد خان ہیں، تیسری پوزیشن پر ایک اور افغان آل رائونڈر محمد نبی 319 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہیں۔ پاکستان دوسری ٹیم ہے جس کے 2آل رائونڈر ٹاپ 10 میں شامل ہیں، ان میں سے عماد وسیم چوتھے جبکہ محمد حفیظ ساتویں نمبر پر ہیں، ان دونوں کے درمیان نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر پانچویں اور اگنلینڈ کے کرس ووئکس چھٹے نمبر پر قابض ہیں۔ ویسٹ انڈیز کپتان جیسن ہولڈر آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ زمبابوے کے سکندر رضا نے نویں پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔ انگلینڈ کو اپنے آل رائونڈر بین اسٹوکس سے ورلڈ کپ میں کافی امیدیں ہیں، وہ سری لنکا کے انجیلو میتھیوز سے صرف 8 پوائنٹس پیچھے ہونے کی وجہ سے ٹاپ 10میں جگہ نہیں بنا پائے اور 11ویں درجے پر موجود ہیں۔ سری لنکاکے سابق کپتان میتھیوز کا دسواں نمبر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔