وکٹ کو جانچنے میں غلطی ہوئی، مصباح الحق کا اعتراف

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 28 اگست 2013
ٹیم درست راستے پر گامزن ہے (زمبابوین کپتان) نروس نہیں ہوئے، ہیملٹن مساکیڈزا۔ فوٹو: فائل

ٹیم درست راستے پر گامزن ہے (زمبابوین کپتان) نروس نہیں ہوئے، ہیملٹن مساکیڈزا۔ فوٹو: فائل

ہرارے: کپتان مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ ان سے وکٹ کو جانچنے میں غلطی ہوئی، انھوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ یہ دوسری اننگز میں سلو ہوجائے گی مگر یہاں پر تو شروع سے کھیلنا دشوار تھا، 30 رنز کم اسکور کیے، نئی گیند کے ساتھ بولنگ بھی اچھی نہیں رہی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے کپتان مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ ان سے وکٹ کا اندازہ لگانے میں غلطی ہوئی، انھوں نے کہا کہ ہم پچ کو درست طور پر جانچ نہیں پائے، بظاہر دکھائی دے رہا تھا کہ یہ دوسری اننگز میں سلو ہوجائے گی لیکن یہ تو شروع سے ہی ایسی تھی، زمبابوے نے ہم سے زیادہ بہتر بولنگ کی، ہم 30 رنز کم بنا پائے لیکن اس کے باوجود جو ٹوٹل بنا اس کے دفاع کیلئے ہمیں بہتر انداز میں بولنگ اور فیلڈنگ کی ضرورت تھی، اس میچ میں ہماری بولنگ میں کسی چیز کی کمی تھی، ہم نئی گیند کے ساتھ زیادہ بہتر بولنگ نہیں کرپائے۔

دوسری جانب غیرمتوقع فتح پر شاداں زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر نے کہا کہ میں اس شاندار کامیابی پر بہت خوش ہوں، ہمیں چند ہفتے قبل بھارت نے بری طرح شکست سے دوچار کیا تھا جس کے بعد سے ہم نے زیادہ بہتر کھیل پیش کیا، پاکستان جیسی بہترین ٹیم کے خلاف فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم درست راستے پر گامزن ہیں، انھوں نے کہا کہ ہمارے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، فاسٹ بولرز نے بھی غیر معمولی کھیل پیش کیا لیکن اس کے باوجود ابھی بھی بہت سی چیزوں میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم نے کچھ آسان کیچز ڈراپ کیے، اس خامی پر فوری قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

مین آف دی میچ ہیملٹن مساکیڈزا نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ دوپہر کے بعد وکٹ بہتر ہونا شروع ہوجائے گی، ابتدائی دس اوور کے بعد یہ پچ بیٹنگ کیلیے کافی اچھی ہوگی، ہم مناسب آغاز چاہتے تھے، جس وقت ٹیلر وکٹ پر آئے اس وقت صرف ہمارا ایک پلیئر آئوٹ ہوا تھااس لیے ہم نروس نہیں ہوئے، ہم بقیہ دونوں میچز میں بھی فتح حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔