بھارت کالے قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، پاکستان

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2019
پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، ڈاکٹر فیصل فوٹو: فائل

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، ڈاکٹر فیصل فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت کالے قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق پامال کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی افواج نے رواں ہفتے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، پاکستان کو سینئر حریت رہنماؤں کو زیر حراست رکھنے پر تشویش ہے، بھارت کالے قوانین کے ذریعے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے حوالے سے رپورٹ نے بھی بھارت مظالم کا چہرہ بے نقاب کیا ہے، بھارت زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بشکیک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خود اس ملاقات پر بہت جلد بیان دیں گے۔ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بنگلا دیش نے پاکستانیوں کو ویزوں کا اجراء معطل کرنے کی تردید کی ہے، اس حوالے سے بنگلا دیشی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔