رینکنگ اسنوکر: اسجد اقبال نے ٹائٹل کا دفاع کرلیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 28 اگست 2013
7 گھنٹے تک جاری رہنے والے 15 فریمز پر مشتمل فائنل میں محمد آصف کو مات۔ فوٹو: فائل

7 گھنٹے تک جاری رہنے والے 15 فریمز پر مشتمل فائنل میں محمد آصف کو مات۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسجد اقبال نے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد عالمی چیمپئن محمدآصف کو زیرکر کے رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے ٹائٹل کا دفاع کر لیا۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں 7 گھنٹے تک جاری رہنے والے 15 فریمز پر مشتمل فائنل کا فیصلہ آخری فریم میں ہوا، دفاعی چیمپئن نے8-7 سے کامیابی حاصل کر کے ٹرافی اور60 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا،گزشتہ روز نجی ادارے کی جانب سے بطور ستائش 20 لاکھ روپے وصول کرنے والے عالمی چیمپئن محمد آصف کو رنر اپ ٹرافی اور35 ہزار روپے ملے،اعصاب شکن فائنل میں اسجد اقبال نے ابتدائی تنیوں فریمز جیت کر برتری قائم کی لیکن عالمی چیمپئن نے اگلے دونوں فریمز اپنے نام کر لیے۔

8 ویں فریم کے اختتام پر مقابلہ 4-4 سے برابر تھا،اگلا فریم اسجد نے جیتا لیکن بعد میں آصف نے دونوں فریمز جیت کر فائنل میں اپنی پہلی اور آخری برتری قائم کر کے اسکور6-5 کردیا،دفاعی چیمپئن نے کھیل میں واپس آتے ہوئے مسلسل اگلے دونوں فریمز میں سبقت حاصل کرلی اورمقابلہ7-6 سے اپنے حق میں کر لیا،14 ویں فریم میں عالمی چیمپئن نے اپنی گرفت مضبوط کی اور مقابلہ7-7 ہوگیا، آخری اور فیصلہ کن فریم میں اسجد اقبال کو حریف کو قابو کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی اور انھوں نے فتح اپنے نام کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔