طالبان کے زیر قبضہ امریکی گاڑی کو افغان فوج نے راکٹ حملے میں اُڑا دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2019
راکٹ  حملے میں 4 جنگجو، 2 افغان اہلکار اور 2 شہری ہلاک ہوئے۔ فوٹو : فائل

راکٹ حملے میں 4 جنگجو، 2 افغان اہلکار اور 2 شہری ہلاک ہوئے۔ فوٹو : فائل

کابل: طالبان کی جانب سے قبضہ کی گئی امریکی گاڑی پر افغان فوج نے راکٹ داغے جس کے نتیجے میں چار جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ راکٹ لگنے سے 2 افغان فوجی اور 2 شہری بھی ہلاک ہوئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان جنگوؤں نے ایک امریکی گاڑی کو چُرا لیا تھا، افغان فوج نے طالبان کا تعاقب کرتے ہوئے امریکی گاڑی پر راکٹ داغے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ دوسری گاڑیوں میں سوار درجن سے زائد طالبان زخمی ہوگئے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان جنگجو چوری شدہ امریکی گاڑی میں بارود بھر کر لے جارہے تھے جسے افغان فوج نے راکٹ سے نشانہ بنایا، دھماکے میں 10 شہری اور 5 فوجی بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

طالبان ترجمان نے اپنے ایک بیان میں زیر تسلط امریکی وین کے افغان فوج کے راکٹ حملے میں تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے طالبان جنگجو نہیں بلکہ 2 افغان فوجی اور دو شہری تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی غزنی میں پولیس نے ایک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار جنگجوؤں نے گاڑی کو دھماکے سے اُڑادیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔