بیٹے نے موبائل گم ہونے کی پوچھ گچھ پر والد کو قتل کر دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2019
پولیس نے مقتول کے والد کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فوٹو: فائل

پولیس نے مقتول کے والد کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کوٹ لکھپت کے علاقہ میں بیٹے نے موبائل گم ہونے کی پوچھ گچھ پر اپنے والد کو قتل کر دیا۔

لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں بیٹے نے موبائل گم ہونے کی پوچھ گچھ پر اپنے والد کو قتل کر دیا، واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جب کہ پولیس نے مقتول کے والد کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

کوٹ لکھپت کا رہائشی خالد محمود گھر کے قریب شوارما بنانے کا کام کرتا تھا، گزشتہ روز وہ کام سے واپس آیا تو اس نے موبائل گم ہونے پر اپنے بیٹے ساجد محمود کو ڈانٹا، خالد کو شک تھا کہ ساجد نے موبائل کسی لڑکی کو دے دیا ہے، ڈانٹ کے بعد خالد چھت پر جا کر سوگیا جہاں کچھ دیر بعد ساجد نے اپنے والد کے سر پر کسی بھاری چیز سے وار کر کے اسے قتل کردیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

بیٹے کو گھر سے بھاگتا دیکھ کر جب اہل خانہ چھت پر گئے تو خالد محمود وفات پا چکا تھا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے نعش مردہ خانے جمع کروادی، ایس پی ماڈل ٹاؤن عمران احمد ملک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعہ کا مقدمہ مقتول خالد محمود کے والد میاں خان کے بیان پر درج کرلیا گیا ہے جب کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔