بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2019
گرفتار ملزمان نے ٹرانسشمیشن لائنوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا، ترجمان ۔ فوٹو:فائل

گرفتار ملزمان نے ٹرانسشمیشن لائنوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا، ترجمان ۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ میں این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں کے میٹریل کی چوری میں ملوث تخریب کاروں کا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کی ٹرانسمیشن لائنوں کے میٹریل چوری میں ملوث تخریب کاروں کا گروہ سندھ میں گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کی کارروائی میں ٹرانسمیشن لائن سے چوری شدہ بھاری مقدار میں سامان بھی  برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق تخریب کاروں نے 500 کے وی دادو، پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن اور 500 کے وی چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، جامشورو ٹرانسمیشن لائن کے 5 ٹاورز کو گرایا، لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا اور این ٹی ڈی سی کو ریونیو اور سامان چوری کی مد میں مجموعی طور پر 750 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق پولیس نے گروہ میں شامل 9 افراد کو جامشورو، خانوٹ اورسیہون سے گرفتار کیا اور گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔